دبئی، لاہور، اسلام آباد (مشرق نیوز+ سپورٹس رپورٹر+ بیورو رپورٹ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے طویل عرصے سے جاری تعطل کا حل نکالتے ہوئے پاک بھارت فیوژن فارمولے کا اعلان کردیا،آئی سی سی بورڈ نے پاک بھارت فیوژن فارمولے کی منظوری دےدی ہے جو چیمپئنز ٹرافی ، ویمن ورلڈ کپ اور ٹی20 ورلڈ کپ پر نافذ ہوگا،معاہدے کے تحت 8 ٹیموں کے چیمپئنز ٹرافی ایونٹ میں بھارت کے میچز غیر جانبدار مقام پر کھیلے جائیں گے جبکہ بدلے میں آئی سی سی کے وہ ایونٹس جن کی میزبانی بھارت کرے گا ان میں پاکستان کے میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے جائیں گے جبکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول جلد جاری کردیا جائے گا،آئی سی سی کے مطابق پاکستان 4 سال بعد ایک اور آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا جس میں پاکستان کو 2028 کے ویمن ٹی 20 ورلڈکپ کی میزبانی دی گئی ہے،2028 ویمن ٹی 20 ورلڈکپ اگلے سائیکل کا پہلا آئی سی سی ایونٹ ہوگا اور ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان بھارت کا فیوژن فارمولا اپلائی ہوگا جبکہ پاک بھارت فیوژن فارمولا ناک آو¿ٹ میچز پر بھی اپلائی ہوگا، 2027 تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک میں آئی سی سی ایونٹ کا میچ نیوٹرل مقام پر کھیلیں گی اور نیوٹرل مقام کا انتخاب میزبان بورڈ کرے گا،ترجمان آئی سی سی کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا 2029 سے 2031 کے دوران آئی سی سی خواتین ایونٹس کی میزبانی کرے گا۔
دوسری طرف پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے چیمپئنز ٹرافی کا مجوزہ شیڈول سامنے آنے پر کہا کوئی کام بغیر تحریری ہوئے نہیں کرتے،لاہور میں قذافی سٹیڈیم کے دورے کے موقع صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کوئی کام تحریری ہوئے بغیر نہیں کرتے، اگر کوئی مکرے گا تو دیکھیں گے کیسے مکر سکتا ہے،چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول طے ہونے سے متعلق سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا بس تھوڑا صبر کریں سب سامنے آ جائے گا،ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا، چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے جو بھی ہوگا پاکستان کےلئے بہتر ہو گا،دریں اثنا ءپاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کا 76واں اجلاس اسلام آباد میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی صدارت میں ہوا،اجلاس میں گورننگ بورڈ کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی،اجلاس کے شرکا کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پر اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا،محسن نقوی نے گورننگ بورڈ کو چیمپئنز ٹرافی سے متعلق اعتماد میں لیا، گورننگ بورڈ کے اراکین نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے متعلق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اصولی موقف کوسراہا،محسن نقوی نے کہا وہ پہلے دن سے ہی پاکستان اور کرکٹ کی جیت کی بات کررہے ہیں اور پی سی بی چیمپینز ٹرافی کے انعقاد کےلئے ہر طرح سے تیار ہے اور اس ایونٹ کی تیاریاں بھی مکمل ہیں،پاکستان کے اصولی موقف کو ہر کسی نے سراہا ہے،تمام ٹیموں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہیں گے، کرکٹ میں سیاست کےخلاف ہوں، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے قبل سٹیڈیمز کی تعمیر نو کا کام مکمل ہو جائےگا، پوری ٹیم دن رات سٹیڈیمز کی تعمیر نو پر محنت سے کام کر رہی ہے،گورننگ بورڈ کو قذافی سٹیڈیم ،نیشنل سٹیڈیم اور راولپنڈی سٹیڈیم کی تعمیر نو پر ہونےوالی پیش رفت کے بارے بریفنگ دی گئی،گورننگ بورڈ نے سٹیڈیمز کی تعمیر نو کے کام پر اطمینان کا اظہارکیا۔
چیمپئنز ٹرافی سمیت 2027 تک پاک بھارت میچز نیوٹرل مقا م پر ہونگے ،آئی سی سی
















