سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا اوّلین ترجیح ہے: خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے جناح ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سید واجد علی شاہ، چیئرمین بی او ڈی پی آئی سی ڈاکٹر فرقد عالمگیر، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر اصغر نقی اور ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر کاشف جہانگیر بھی ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے جناح ہسپتال لاہور میں انجیو گرافی، کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ، کیتھ لیبز و دیگر شعبہ جات کا دورہ کرکے طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔خواجہ سلمان رفیق نے ری ویمپنگ ایریاز میں جاری پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج، ایم ایس جناح ہسپتال و دیگر نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو اس حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا اولین ترجیح ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو جناح ہسپتال لاہور میں جاری ری ویمپنگ منصوبے کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیرصحت نے جناح ہسپتال لاہور میں کارڈیالوجی کی سہولیات مزید بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی ۔