پولیس کی ہر دستاویز عوامی رائے عامہ کیلئے کیو آر کوڈ سے منسلک ہے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کی ہر دستاویز عوامی رائے عامہ کیلئے کیو آر کوڈ سے منسلک ہے اور شہریوں کیلئے پولیسنگ سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب پولیس خدمت مراکز سے اب تک 25 ملین سے زائد شہری استفادہ کر چکے ہیں اور ہر برس ان کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس منظم جرائم بالخصوص دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے شب و روز مصروف عمل ہے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سول سروسز اکیڈمی والٹن کیمپس میں زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پرتشدد و شرپسند عناصر پر قابو پانے کے لئے اینٹی رائٹ فورس کی تشکیل نو کی جا رہی ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ٹریننگ کالجز و سکولز کے کمانڈنٹس کو سپاہ کی اینٹی رائٹ فورس ٹریننگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ دہشت گردوں کے بڑھتے حملوں کے پیش نظر بین الصوبائی سرحدی پولیس چوکیوں کا دفاعی نظام مزید مضبوط و محفوظ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرحدی پولیس چوکیوں کے لئے بلٹ پروف وہیکلز، ڈرونز، مارٹر شیل اور جدید اسلحہ و ایمونیشن کی خریداری کی جائےگی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ میرٹ اور سنیارٹی کے تحت مختلف رینکس پر مزید محکمانہ پروموشنز کا سلسلہ جاری رہیگا۔ ان خیالات کا اِظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب نے سب انسپکٹر رینک پر ترقی پانے والے 56 افسران کو نئے عہدے کے رینک لگائے۔ سنٹرل پولیس آفس میں ترقی پانے والوں افسران کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پروموٹ ہونے والے سب انسپکٹرز کے والدین، بچوں اور اہل خانہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سینئر پولیس افسران نے ترقی پانے والے سب انسپکٹرز اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔ تقریب میں راولپنڈی ریجن کے سب انسپکٹرز کو پروموشن رینک لگائے گئے۔علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور نے 46 سینئر ٹریفک وارڈنز کو گریڈ 17 میں ترقی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے 29، فیصل آباد کے 05، ملتان کے 07 جبکہ گوجرانوالہ کے 05 سینئر ٹریفک وارڈنز کو گریڈ 17 میں ٹریفک آفیسر کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ آئی جی پنجاب نے سینئر ٹریفک وارڈنز کے 17 ویں گریڈ میں ٹریفک آفیسر کے عہدے پر ترقی کے نوٹیفکیشن پر دستخط کر دیئے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ٹریفک وارڈن، سینئر ٹریفک وارڈنز اور پروموشن پانے والے افسران(TOs) کے نام ویڈیو پیغام میں ترقی پانے والے سینئر ٹریفک وارڈنز کو مبارکباد دی۔