کرم میں فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کو دہشت گرد قرار دیکر کارروائی کا فیصلہ

پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پختونخوا حکومت نے ضلع کرم میں نفرت پھیلانے اور قتل و غارت گری پر اکسانے والے عناصر کو دہشتگرد قرار دیکر کارروائی کا فیصلہ کر لیا،وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کرم کے مسئلے کے حل کےلئے صوبائی حکومت کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی،بریفنگ میں بتایا گیا کرم میں مختلف واقعات میں اب تک 133 قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا جبکہ 177 افراد زخمی ہوئے، پر امن اور پائیدار حل کےلئے گرینڈ جرگہ تشکیل دیا گیا ہے جو علاقے میں امن کی مکمل بحالی تک وہاں قیام کرے گا، کرم میں کچھ عناصر فریقین کے درمیان نفرت پھیلا کر حالات خراب کر رہے ہیں، ایسے عناصر کو دہشتگرد قرار دیکر ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایسے عناصر کی نشاندہی کرکے شیڈول فور میں ڈالا جائے گا،بریفنگ میں مزید کہا گیا علاقے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کی تعیناتی کےلئے وفاقی حکومت کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، نقصانات کے ازالے کےلئے متاثرین کو معاوضے دئیے جائیں گے، بد امنی کی وجہ سے دوسرے اضلاع میں نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی واپسی عمل میں لائی جائےگی،وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کرم کا مسئلہ دہشتگردی نہیں، بعض عناصر 2 مسلکوں کے لوگوں میں نفرتیں پھیلا رہے ہیں ، مقامی عمائدین ایسے شرپسند عناصر کی نشاندہی میں تعاون کریں، ایسے عناصر دہشتگرد ہیں اور ان کےساتھ دہشتگردوں جیسا سلوک کیا جائے گا، کرم کے مسئلے کو پرامن انداز میں حل کرنے کےلئے زعما پر مشتمل گرینڈ جرگہ جلد ہی علاقے کا دورہ کرے گا ،جرگہ تب تک علاقے میں رہے گا جب تک وہاں مکمل امن قائم نہیں ہوتا، پائیدار امن کےلئے علاقے میں جنگ بندی انتہائی ضروری ہے،گنڈا پور نے ہدایات دیتے ہوئے کہا لوگوں کی آمدورفت کےلئے شاہراہ کو محفوظ بنانے کےلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں اور علاقے میں ضروری ادویات کی قلت کو دور کرنے کےلئے بذریعہ ہیلی کاپٹر ادویات سپلائی کی جائیں،وزیر اعلیٰ کے پی نے مزید کہا نقل مکانی کرنے والے افراد کی فوری اور باعزت واپسی یقینی بنائی جائے۔