سروسز ہسپتال میں ماڈل امیونائزیشن سنٹر اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہوگا: صوبائی وزراءصحت

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزراءصحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے سروسز ہسپتال لاہور میں ماڈل امیونائزیشن سنٹر کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر نمائندہ عالمی ادارہ صحت برائے پاکستان ایلن تھام، پرنسپل سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر زہرہ خانم، ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر عابد محمود غوری، عالمی ادارہ صحت سے ڈاکٹر یحییٰ گلزار، ڈاکٹر عرفان اور سجاد حفیظ بھی موجود تھے۔ صوبائی وزراءصحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے ماڈل امیونائزیشن سنٹر کا دورہ کرکے معصوم بچوں کیلئے امیونائزیشن کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ ماڈل امیونائزیشن سنٹر اپنی نوعیت کا منفرد سنٹر ہو گا۔ اس سنٹر کے ذریعے سالانہ لاکھوں معصوم زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے گا۔ اس سنٹر پر ہر طرح کی ویکسین دستیاب ہو گی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر کہا کہ ماڈل امیونائزیشن سنٹر کے قیام میں معاونت پر عالمی ادارہ صحت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت سے ایلن تھام نے اس موقع پر کہا کہ یہ پاکستان میں اپنی طرز کا پہلا ماڈل امیونائزیشن سنٹر ہے۔ ویکسینز کی مدد سے ہر سال لاکھوں زندگیاں محفوظ ہوتی ہیں۔ سال 2024 میں توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کی 50 ویں سالگرہ منائی گئی۔ 1974 میں یہ پروگرام عالمی ادارہ صحت نے شروع کیا تھا۔ بین الاقوامی سفر کیلئے پولیو کرونا اور پیلا بخار کی ویکسین دستیاب ہو گی۔ ایمرجنسی ویکسین جیسا کہ باولے پن سے بچاو کی ویکسین، ہیضہ اور دیگر وباوں کی ویکسین میسر ہو گی۔