غیرمنظم گروہ کبھی بھی پاکستان کی معاشی ترقی میں حائل نہیں ہوسکتے: خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں بین الاقوامی والنٹیئر ڈے 2024 کی مرکزی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔وزیر اعظم یوتھ اینڈ والنٹیئرز پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد نے بطور گیسٹ آف آنر تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر، عالمی ادارہ صحت سے ڈپٹی ہیڈ ایلن تھام، ڈاکٹر یحییٰ گلزار، ڈاکٹر عرفان، سجاد حفیظ اور رضاکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے اس موقع پر والنٹیئرز سے خدمت انسانیت کا حلف بھی لیا۔رانا مشہود احمد، خواجہ سلمان رفیق اور ڈاکٹر رضوان نصیر نے والنٹیئرز کے دستوں کا بھی معائنہ کیا۔تقریب میں چین سمیت 62 ریسکیو ٹیموں نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے تقریب کے شرکاءسے اپنے خطاب میں کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایمرجنسی سروسز کا دائرہ کار ہر یونین کونسل تک پھیلایا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں لائف سیونگ پروگرام شروع کیا گیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس انتہائی کامیابی سے جاری ہے۔ الحمدللہ موٹروے پر بہت جلد ایمرجنسی سروسز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس اکیڈمی میں ریسکیوز کو سیکھنے کا بہت موقع ملتا ہے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں ریسکیو 1122 نے بہت عزت کمائی ہے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب میں بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کرکے قوم کو اربوں روپوں اور قیمتی جانوں کے نقصانات سے بچایا گیا ہے۔ غیر منظم گروہ کبھی بھی پاکستان کی ترقی میں حائل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہاکہ چین ہمارا عظیم دوست ہے اور چین سے آئی والنٹیئر ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے بین الاقوامی والنٹیئر ڈے 2024 کی شاندار تقریب کے انعقاد پر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔وزیر اعظم یوتھ اینڈ والنٹیئرز پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد نے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 12 اگست کو نیشنل والنٹیئرز پروگرام کا آغاز کیا ہے۔خواجہ سلمان رفیق وزیر کم اور بطور ایک رضا کار زیادہ کام کرتے ہیں۔ رانا مشہود احمدنے کہاکہ ریسکیورز کی ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہمارے جوانوں کی ہمت نے دشمنوں کی ہر سازش کو ناکام کیا ہے۔ پاکستان ہمیشہ زندہ اور پائندہ باد ہی رہے گا۔ رانا مشہود احمد نے ڈاکٹر رضوان نصیر کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہاکہ خدمت انسانیت کا جذبہ بطور ایک رضا کار کے ہی شروع ہوتا ہے۔ الحمدللہ پنجاب میں فائر سروسز، فلڈ سروسز اور موٹر بائیک سروسز کامیابی سے جاری ہیں۔ نمائندہ عالمی ادارہ صحت برائے پاکستان ایلن تھام نے کہاکہ پاکستان جنوبی ایشیاءمیں ایمرجنسی سروسز میں لیڈ کر رہا ہے۔ ایمرجنسی سروسز ہیلتھ کیئر کا بہت اہم حصہ ہیں۔ ایلن تھام نے کہاکہ عالمی ادارہ صحت نے ریسکیو 1122 کو تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے حکومت پنجاب کی معاونت جاری رہے گی۔