سیلاب سے ہلاکتیں،وزیراعظم نے ملائیشیا کوہر ممکن مدد کی پیشکش کردی

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،خبر نگار) وزیر اعظم شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا،شہباز شریف نے ملائیشیا کی متعدد ریاستوں میں موسلادھار بارشوں سے حالیہ سیلاب کے نتیجے میں ہونےوالے جانی ومالی نقصان پر برادرانہ عوام کےلئے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا اورملائیشیا کوہر ممکن مدد کی پیشکش کرتے ہوئے انسانی امداد فوری بھیجنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم نے یقین دلایا عوام مشکل گھڑی میں اپنے ملائیشین بھائیوں و بہنوں کےساتھ کھڑے ہیں، باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کےلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

ملائیشیا کے وزیر اعظم نے پاکستان کی حمایت پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اتفاق کیا دونوں ممالک کو تمام اہم شعبوں میں تعلقات آگے بڑھانے کےلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے، دونوں رہنماﺅں نے اعلیٰ سطح دوروں کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

دریں اثنا اپنی پوسٹ میںوزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ملائیشیا کے سیلاب سے متاثرہ عوام سے اظہار یکجہتی کےلئے فوری طور پر انسانی امداد بھجوارہے ہیں،ملائیشیا کے وزیر اعظم سے ٹیلی فونک گفتگو میں اظہار ہمدردی کیااور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم بنانے اور باہمی مفاد میں ڈھالنے کےلئے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔