لاہور (ہیلتھ رپورٹر) خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں صحت کارڈ سے متعلق اہم اجلاس منعقداہوا جس میں صوبائی وزیر صحت نے اجلاس کے دوران ہیلتھ انشورنس پروگرام کی بہتری کیلئے جدید اصلاحات کے اقدامات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہیلتھ انشورنس پروگرام کو عام آدمی کیلئے سود مند بنانا چاہتے ہیں۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام کو سسٹین ایبل ماڈل کے ذریعے چلانا چاہتے ہیں۔ پنجاب کی 12 کروڑ سے زائد عوام کیلئے ہیلتھ انشورنس پروگرام بلا تعطل جاری رہے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ قائد میاں نواز شریف نے انتہائی تجرکار ٹیم کے ہمراہ صحت کارڈ شروع کیا تھا۔ صحت کارڈ کو بہتر شکل میں لانچ کرنے کیلئے دن رات برین سٹارمنگ کر رہے ہیں۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام کے حقیقی ثمرات عام آدمی تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ ہمیں سرکاری ہسپتالوں کی مزید بہتری کیلئے ہیلتھ انشورنس پروگرام کا شیئر نجی سے سرکاری شعبہ میں بڑھانا ہوگا۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہیلتھ کارڈ کو مزید بہتر بنا کر تمام بیماریوں کا علاج مفت کیا جائیگا۔ غریبوں اور مڈل کلاس شہریوں کو کارڈ کے ذریعے مفت جبکہ امیر لوگوں کو کچھ پریمیئم دینا پڑیگا۔ دریں اثناءصوبائی وزراءصحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ہیلتھ ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس منعقدہوا جس میں ہیلتھ ریفارمز اور نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ لاہور پر جاری پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔سی ای او آئی ڈیپ اور سیکرٹریز صحت نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے ہیلتھ ایڈوائزر میجر جنرل (ر)ڈاکٹر اظہر محمود کیانی، ڈاکٹر نعیم مجید و دیگر نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر پاکستان کا پہلا مکمل سرکاری کینسر ہسپتال ہوگا۔ کینسر کے لیول تھری اور لیول فور مریضوں کا بھی مفت علاج ہوگا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ 915 بستروں پر مشتمل یہ کینسر ہسپتال دو مراحل میں مکمل ہوگا۔خواجہ عمران نذیرنے کہاکہ پہلے سرکاری کینسر ہسپتال میں ریڈی ایشین تھراپی، کیمو تھراپی، اینڈوسکوپی اور دیگر سہولتیں میسر ہونگی، نواز شریف کینسر ہسپتال پنجاب ہی نہیں پورے پاکستان کا منصوبہ ہے۔ کینسر کے کسی مریض کو علاج سے انکار نہیں ہوگا - خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ پبلک سیکٹر میں یہ کینسر ہسپتال اپنی نوعیت کا پہلا جدید ہسپتال ہوگا۔سٹیٹ آف دی آرٹ کینسر ہسپتال میں مریضوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم ہوں گی۔ خواجہ عمران نذیرنے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس ہسپتال کی جلد تکمیل کیلئے محکمہ صحت کو سخت ہدایات دی ہیں۔کینسر ہسپتال کی توسیع مرحلہ وار کرکے جدید ایکوپمنٹس نصب کئے جائیں گے۔ دوسری طرف خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا سینڈیکیٹ اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری فنانس سدرہ سلیم اور ڈپٹی سیکرٹری حماد الرب نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کو الائیڈ ہسپتال ٹو فیصل آباد کیلئے انیستھیزیا مشینوں اور وینٹی لیٹرز خریدنے کی اجازت دی گئی۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران فیصل آباد ٹیچنگ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کی مرمت و مینٹی ننس کیلئے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں معیاری ریسرچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ طبی درسگاہوں کے مالی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب سرکاری طبی درسگاہوں میں طلباءکو معیاری تعلیم کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر بلال محی الدین سے ملاقات کی۔ پروفیسر بلال محی الدین نے پی آئی سی میں آنے والے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر بریفنگ دی۔
ہیلتھ کارڈ کو مزید بہتر بنا کر تمام بیماریوں کا علاج مفت کیا جائیگا:سلمان رفیق/ عمران نذیر
















