لاہور (حافظ کاشف سندھو سے) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کھلی کچہریوں میں بااثر ایس ایچ اوز کی شکایات لیکر آنیوالے سائلین کیساتھ دفتری عملہ کا ناروا سلوک،ڈی آئی جی آپریشنز کے سامنے پیش کرنے کے بجائے انہیں واپس ایس ایچ اوز کے پاس بھیجنے کا انکشاف، سائلین کو خوار اور ان کی داد رسی نہ کرنے والے کرپٹ ایس ایچ اوز نے اپنا قبلہ درست کرنے کی بجائے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے دفتری عملہ کیساتھ مبینہ گٹھ جوڑ کر لیا،درخواستیں موصول ہونے پر افسران بالا تک نہ پہنچانے کی فیسیں وصول کرنیکا کا بھی انکشاف۔ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران روزانہ کی بنیاد پر اپنے آفس میں عوامی شکایات سننے کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کرتے ہیں جس میں آنیوالے سائلین کی دادرسی بھی کی جاتی ہے اور ان کے مسائل کے فوری حل کیلئے متعلقہ آفیسران کو ہدایات بھی جاری کی جاتی ہیں لیکن لاہور کے چند بااثر اور کرپٹ ایس ایچ او صاحبان نے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے دفتری اور قریبی عملہ کیساتھ مبینہ گٹھ جوڑ قائم کر لیا ہوا ہے جس وجہ سے ان کیخلاف شکایت لیکر آنے والے سائل کو کھلی کچہری میں بیٹھنے ہی نہیں دیا جاتا بلکہ درخواست پڑھتے ہی اسی وقت متعلقہ ایس ایچ او کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ آپ کیخلاف فلاں سائل درخواست لیکر آیا ہے پھر اس سائل کی ایس ایچ او سے فون پہ بات کروا کر واپس بھیج دیا جاتا ہے اور پھر متعلقہ ایس ایچ او اپنے اثرو رسوخ اور ڈرا دھمکا کے سائل کو اپنی مرضی کے مطابق درخواست دینے پہ مجبور کر دیتا ہے جس سے سائل کو اس کی منشا کے مطابق انصاف نہیں مل پاتا ۔اسی طرح شہریوں کا ذلیل و خوار کرنے کا سلسلہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے دفتری عملہ نے کرپٹ ایس ایچ اوز سے ملکر شروع کر رکھا ہے۔ شہریوں نے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران سے اپیل کی ہے کہ اپنے دفتری عملہ کا قبلہ درست کریں اور شکایت لیکر آنیوالے سائل کو ذلیل و خوار کرنے اور ان کی درخواستیں کھڈے لائن لگانے والے ملازمین کیخلاف سخت کاروائی کریں۔
ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری،سائلین کیساتھ عملے کا ناروا سلوک، متعلقہ ایس ایچ او کے پاس واپس بھیجنے کا انکشاف
















