اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پی ٹی آئی نے احتجاج کی حکمت عملی طے کرتے ہوئے 24 نومبر کو اسلام آباد کے چاروں اطراف سے دھاوا بولنے کا فیصلہ کر لیا ،ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت ہر صورت اسلام آباد پہنچنے کےلئے پر عزم ہے، پی ٹی آئی اسلام آباد اور راولپنڈی ریجن کی قیادت کو اہم ذمہ داری سونپ دی گئی،قافلوں کے اسلام آباد پہنچنے تک راولپنڈی اور اسلام آباد کی قیادت بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائے گی جبکہ تمام صوبوں کے قافلوں کو اسلام آباد کے الگ الگ راستوں پر پہنچنے کا ٹاسک دیدیا گیا ، اسلام آباد پہنچ کر کہاں قیام کرنا ہے قیادت بعد میں آگاہ کرے گی، کور کمیٹی ارکان نے ڈی چوک میں پڑاو کرنے کی تجویز دی ہے اور پارٹی قیادت نے واضح کہا ذہن نشین کر لیں احتجاج غیر معینہ مدت کےلئے ہوگا،پارٹی نے ہدایت دی اپنے اپنے اضلاع کے کارکنان کو اسلام آباد لانے کے اخراجات ایم این ایز اور ایم پی ایز برداشت کریں گے، کارکنان کی اسلام آباد آمد پر تمام انتظامات کی مشترکہ حکمت عملی بھی بنا لی گئی ہے،ذرائع علی امین گنڈاپور کے مطابق اب کی بار وفاقی حکومت کےلئے بڑا سرپرائز تیار کیا گیا ہے، پہلے احتجاجوں کی نسبت بہترین حکمت عملی بنا لی گئی ہے،پارٹی قیادت کی گرفتاریوں کی صورت میں پلان بی پر عمل ہوگا جبکہ حلقوں سے کارکنوںکو لانے والے ایم این ایز یا رہنماوں کی گرفتاری کی صورت میں متبادل لیڈرز کی فہرست بنا کر ٹاسک دیا جائےگا،دریں اثناءبیرسٹرگوہر، سلمان اکرم راجہ اور عمر ایوب کو عمران خان کا فوکل پرسن تعینات کر دیا گیا،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات کے مطابق تین ترجمان مقرر کیے گئے،تحریک انصاف کی جانب سے بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور عمر ایوب کو بانی پی ٹی آئی کا فوکل پرسن مقرر کرنے کا باقائدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
تحریک انصاف کا 24 نومبر کو اسلام آباد کے چاروں اطراف سے دھاوا بولنے کا فیصلہ، بیرسٹر گوہر، اکرم راجہ، عمر ایوب فوکل پرسن مقرر
















