97 ارب کے3496مالیاتی مقدمات زیر التوا،جسٹس سیکٹر ریفارمز کیلئے کمیٹی تشکیل

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ میں97 ارب کے3496مالیاتی مقدمات زیر التوا،چیف جسٹس نے ٹیکس مقدمات کی مقدمہ بازی سے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زیر التوا مالیاتی مقدمات میں کمی لانے اور جسٹس سیکٹر ریفارمز کیلئے رجسٹرار کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت طویل عرصے سے زیر التوا ٹیکس مقدمات میں کمی لانے کیلئے اہم اجلاس سپریم کورٹ میں ہوا،ایف بی آر کے اعلیٰ حکام، ٹیکس ماہرین و صنعت کاروں ،اٹارنی جنرل، قانون و خزانہ ڈویژن کے سیکرٹریز کے علاوہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نمائندگان ،چیمبرز آف کامرس کے حکام نے شرکت کی،سلیم مانڈوی والا حکومت اور سینیٹر محسن عزیز نے اپوزیشن کی نمائندگی کی،،چیف جسٹس نے ٹیکس مقدمات کی مقدمہ بازی سے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان پر اظہار تشویش کیا۔

اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاسپریم کورٹ میں97ارب کے 3ہزار 496 مالیاتی مقدمات زیر التوا ہیں،غیر ضروری مالیاتی مقدمہ بازی،ٹیکس مقدمات میں غیر ضروری حکم امتناع لینے ،التوا روش کی حوصلہ شکنی کی جائے،سٹیک ہولڈرز اقدامات اٹھائیں، حکومت ،بار اکھٹے ہوکر مالی مقدمات میں کمی لائیں،جسٹس یحییٰ آفریدی نے مالیاتی زیر التوا مقدمات کی جسٹس سیکٹر ریفارمز کیلئے 5رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔

رجسٹرار سپریم کورٹ سلیم خان کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، ٹیکس ماہر عاصم ذوالفقار، امتیاز احمد خان ،سینئر ایف بی آر نمائندہ کمیٹی کاحصہ ہیں،ٹیکس ماہر شیر شاہ خان کوآرڈینیٹر ہوں گے،اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان ،سیکرٹری خزانہ معاونت فراہم کریں گے،کمیٹی مالی مقدمات کے تیز حل کیلئے تجاویز،درجہ بندی کرے گی،مالی زیر التوا مقدمات ملکی معاشی گروتھ کیلئے توجہ کے مستحق ہیں۔

دریں اثنا جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت انسداددہشتگردی عدالت کے انتظامی ججز کا ااجلاس ہوا ،پانچوں ہائی کورٹس کے انتظامی ججز ،سپریم کورٹ کے 4مانیٹرنگ ججز، صوبائی پراسیکیوٹر جنرلز نے بھی شرکت کی، اجلاس میں انسداد دہشتگردی مقدمات کی صورتحال و درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ ،گوواہوں کے تحفظ اور آن لائن پیشی، مزید انسداد دہشت گردی عدالتوں کے قیام پر غور کیا گیا،چیف جسٹس نے ججز کو بلا خوف فیصلے کرنے کی ہدایت کردی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بتایاگیاملک میں 2 ہزار 273 دہشتگردی کے مقدمات زیرالتوا ہیں، سندھ میں تعداد سب سے زیادہ1372ہے،چیف جسٹس نے مقدمات زیر التوا ہونے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سندھ فرانزک لیب کوبلوچستان میں فرانزک لیب فعال بنانے میں معاونت اورججز کو بلا خوف فیصلے کرنے کی ہدایت کردی۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا اٹارنی جنرل پراسیکیوٹر جنرلز کیساتھ متعلقہ حکومتوں کے سامنے مسائل اٹھائیں ،اے ٹی سی ججز کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری ہے،اے ٹی سی میں مدت مکمل کرنے والے جج کو اگلی پوسٹنگ سافٹ ملنی چاہیے،اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے ججزکو بیرون ملک ٹریننگز پر بھی بھیجا جائے۔

دریں اثنا سپریم کورٹ نے انصاف تک رسائی اور فراہمی میں بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے قلیل مدتی و وسط مدتی پالیسی پر جائزے کا اعلامیہ جاری کردیا،اعلامیے میں کہا گیا مختلف شعبہ جات سے پروفیشنلز کی ٹیم نے عدالتی نظام کے موجودہ وسائل، اثرات و مواقع کا جائزہ لیا، مشق کا مقصد اصلاحاتی منصوبے کو قابل عمل بنانے کیلئے اقدامات اٹھانا تھا،مجوزہ عدالتی اصلاحات کے تحت معاشرے کے کمزور طبقے کے مقدمات کو ترجیح دی جائے، عدالتی اصلاحات کے نئے ڈھانچے کی تشکیل و عمل درآمد کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے رائے لی جا رہی ہے۔

جاری کیے گئے اعلامیے میں مزید کہا گیا ابتدائی طور پر مختلف پس منظر رکھنے والے پروفیشنلز، عدالتی عملے، نظام انصاف کے اہم کردار یعنی وکلا تنظیموں سے رائے لی جا رہی ہے،اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سٹریٹجک مداخلت کےلئے تشخیصی مطالعہ شروع کیا ،تشخیصی مطالعہ مختصر و درمیانی مدت کےلئے ہوگا، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد عدالتی عمل و نظام میں چیلنجوں کا جائزہ لیں گے، قابل عمل اصلاحاتی منصوبے کو حتمی شکل دی جائے گی،ریفارمز کے ذریعے کیسز کے بیک لاگ، آسان طریقہ کار، ٹیکنالوجی کے استعمال، شفافیت پر فوکس کیا جائے گا، معاشرے کے پسماندہ طبقات کے مقدمات کو ترجیح اور ہائی پروفائل کیسز کےلئے اصلاحاتی ریفارمز کلیدی کردار ادا کریں گے،سپریم کورٹ کے اعلامیے میں کہا گیاسٹیک ہولڈرز کےلئے ڈیزائن اور عمل درآمد کا خیال رکھا جا رہا ہے،عدالتی اصلاحات کو حتمی شکل دینے سے پہلے عوام سے بھی بحث کرائی جائےگی