راولپنڈی،ڈی آئی خان:(بیورورپورٹ)جنوبی وزیرستان کے علاقے کراما میںسکیورٹی فورسز،خوارج کے درمیان جھڑپ،5دہشتگرد ہلاک،4جوان وطن پر قربان ہو گئے۔
آئی ایس پی آر سے کے مطابق6 نومبر کو جنوبی وزیرستان کے علاقے کراما میں سکیورٹی فورسز ، خوارج کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا،موثرجوابی کارروائی میں 5دہشتگردوں کو منطقی انجام پر پہنچایا،شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 بہادر سپوت ٹانک سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ نائب صوبیدار طیب شاہ،کرک سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ لانس نائیک گلاب زمان، 30 سالہ لانس نائیک مزمل محمود اور اورکزئی کے 28 سالہ لانس نائیک حبیب نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہاسکیورٹی فورسز دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کےلئے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں،قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی ،وزیراعظم شہبازشریف نے کہادفاع وطن کی خاطر فتنہ الخوارج کےخلاف لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر سکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں،دہشتگرد عناصر کی سرکوبی کےلئے کارروائیاں جاری رکھیں گے، نڈر جوانوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
ادھر ڈی آئی خان میں آپریشن کے دوران فورسز کو انتہائی مطلوب 2خوارجی جہنم واصل ہوگئے،سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کلاچی اور درابن میں کیا گیا،دو طرفہ فائرنگ میں دونوں دہشتگرد مارے گئے ،شناحت یوسف خان اور ظاہر خان کے ناموں سے ہوئی ،ہلاک دہشتگرد بینک کرنسی وین لوٹنے سمیت متعدد وارداتوں میں بھی ملوث تھے،قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
جنوبی وزیرستان ، 5 دہشتگرد ہلاک، 4 جوان شہید،ڈی آئی خان ،2خوارج جہنم واصل
















