ٹرمپ کو مبارکبادوں کاتانتا، پاک امریکہ تعلقات مزید مضبوط کرینگے،وزیراعظم

اسلام آباد، بیجنگ، انقرہ، تل ابیب، ریاض، نئی دہلی، لندن، پیرس، کیف، فرینکفرٹ، دوحہ (بیورو رپورٹ+ مشرق نیوز) امریکی انتخابات میں شاندار کامیابی پر ڈونلڈ ٹرمپ کو دنیا بھر سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹرمپ کو دوسری بار تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک، امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کریں گے۔ ٹرمپ انتظامیہ کےساتھ ملکر کام کرنے کا منتظر ہوں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو ذرداری نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو تاریخی فتح پر مبارک ہو، امریکہ کے عوام نے ٹرمپ اور ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، جنگ مخالف فتح اور جنگ مخالف مینڈیٹ ہے۔ امید ہے امریکہ کی نئی انتظامیہ امن کو ترجیح، عالمی تنازعات کو ختم کرنے میں مدد کریگی۔

پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے کہا کہ عمران خان، پی ٹی آئی کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ اور جے ڈی وینس کو جیت مبارک ہو۔ عظیم فتح بڑی مشکلات ،رکاوٹوں کا سامنا کرتے ہوئے حاصل کی گئی، کامیابی حقیقی تبدیلی و معاشی استحکام کےلئے واضح آواز ہے۔

زلفی بخاری نے کہا کہ مستقبل کو دیکھتے ہوئے بڑے امکانات کا دور ہے، امید ہے نیا باب عالمی مسائل کے حل کی سمت میں فیصلہ کن اقدامات کا مشاہدہ کرےگا، بالخصوص غزہ میں جاری تنازع کے خاتمے کےلئے فیصلہ کن اقدامات کی امید ہے، دعا ہے وقت اتحاد کا ہو اور سب کےلئے دنیا میں امن و خوشحالی لائے، جمہوریت کی کامیابی دیکھ کر باقی سب کو بھی امید ملتی ہے، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس کو الیکشن جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امیدظاہرکی ٹیم پاکستانی اور امریکی عوام کے درمیان بہتر تعلقات کو فروغ دیگی۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے ٹرمپ کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے مضبوط دو طرفہ تعلقات کو سراہااورٹرمپ کی دوسری مدت صدارت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہامیرے دوست آپ کو تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد! آپ کے پچھلے دور کی کامیابیوں کو آگے بڑھانے اور بھارت امریکہ سٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا منتظر ہوں، آئیے، ملکر اپنے لوگوں کے فائدے ،عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کےلئے کام کریں۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہامیں عالمی امور میں صدر ٹرمپ کے طاقت کے ذریعے امن کے عزم کی قدر کرتا ہوں یہی اصول یوکرین میں منصفانہ امن کے قیام میں معاون ثابت ہوسکتا ہے،اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہاتاریخ کی سب سے بڑی واپسی پر مبارک ہو! وائٹ ہاو¿س میں آپ کی تاریخی واپسی امریکہ ،اسرائیل کے درمیان عظیم اتحاد کی طرف نیا آغاز ہے،عظیم کامیابی ہے! خلوص ِدوستی کےساتھ،فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہامبارک ہو، صدر ڈونلڈ ٹرمپ جیسا ہم نے 4سالوں کے دوران مل کر کام کیا اسی طرح اب بھی ایک دوسرے کےساتھ احترام و جذبے کےساتھ کام کریں گے۔

ترکیہ کے صدر طیب اردگان نے کہادوست ڈونلڈ ٹرمپ کو دوبارہ امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،امید ہے نئے دور میں ترک امریکہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ، فلسطین کا مسئلہ اور روس،یوکرین جنگ جیسے علاقائی و عالمی بحران ختم ہوں گے،جرمن چانسلر اولاف شولزنے کہاڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتاہوں، جرمنی ،امریکہ نے طویل عرصے سے مشترکہ خوشحالی و آزادی کو فروغ دینے کےلئے کامیابی سے کام کیا ،اپنے شہریوں کے فائدے کےلئے تعاون جاری رکھیں گے۔

برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمرنے کہاصدر ٹرمپ کو تاریخی انتخابی جیت پر مبارکباد،آنے والے سالوں میں آپ کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں، آزادی، جمہوریت و کاروباری اصولوں کے دفاع میں ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں،ڈچ وزیراعظم ڈک سکوف نے کہاصدر ٹرمپ کو فتح پر مبارکباد، امریکہ نیدرلینڈز کا اہم اتحادی ہے، چاہے دوطرفہ تعلقات ہوں یا نیٹو جیسے بین الاقوامی تناظر میں مشترکہ مفادات کےلئے قریبی تعاون کا منتظر ہوں۔

ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا امریکی انتخابات سے ایرانی عوام کی زندگیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا،ملکی پالیسیاں مستقل ہیں اور افراد کے مطابق تبدیل نہیں ہوتیں،ضروری پیش بینی کر لی ،عوام کی زندگیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا چین باہمی احترام کی بنیاد پر امریکہ کےساتھ کام جاری رکھے گا، امریکہ کےلئے چین کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، مصری صدر فتح السیسی ودیگر کی جانب سے بھی مبارکبا د دی گئی۔

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما سمی ابو ذوہری نے کہا ٹرمپ کو بیانات کے حساب سے جانچا جائیگا کیونکہ انہوں نے کہا تھا وہ بطور امریکی صدر غزہ جنگ چند گھنٹوں میں روکیں گے، حماس پولیٹیکل بیورو کے ممبر باسم نعیم نے کہا صیہونی ریاست کی اندھی حمایت ختم ہونی چاہیے کیونکہ حمایت لوگوں کے مستقبل اور خطے کی قیمت پر آتی ہے۔