لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس کے خدمت مراکز شہریوں کو ڈیجیٹل خدمات کی باآسانی فراہمی میں مصروف عمل ہیں۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہر ماہ لاکھوں شہری پولیس خدمت مراکز سے ایک درجن سے زائد پولیسنگ خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ رواں سال کے دوران 20 لاکھ 72 ہزار سے زائد شہریوں نے خدمت مراکز سے پولیسنگ سروسز حاصل کی ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے کہاکہ خدمت مرکز سروس ڈلیوری کا شاندار پراجیکٹ، شہریوں کے فیڈ بیک کی روشنی میں سروسز اپ گریڈ کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ آرپی اوز، ڈی پی اوز خدمت مراکز سمیت دیگر پولیس دفاتر کے سرپرائز وزٹس جاری رکھیں تاکہ شہریوں کو خدمات کی فراہمی کا عمل مزید بہتر اور موثر ہو سکے۔ دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس کا سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جیز، ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی، تمام شعبوں و فیلڈیونٹس کے سربراہان، ڈی آئی جیز و دیگر افسران نے شرکت کی۔ دوران اجلاس پنجاب پولیس ویلفیئر فنڈ اصلاحات، میڈیکل فنانشل اسسٹنس، سکالر شپس، ڈیتھ ان سروس کلیمز کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ایوارڈز اینڈ کمپنسیشن، پی ایچ پی ویلفیئر رولز، ایس پی یو، پراسیکیوشن سمیت مختلف امور بھی زیر بحث آئے، افسران نے ایجنڈے اور زیر بحث امور کے متعلق تجاویز اور مشاہدات پیش کئے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ سپروائزری افسران فورس کو درپیش پیشہ ورانہ اور ذاتی مسائل کے ازالے کیلئے بروقت اقدامات یقینی بنائیں تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ فرائض کی ادائیگی پر مرکوز رکھیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ملازمین کے اہل خانہ کی صحت، تعلیم یا دیگر مسائل کے حل کیلئے ویلفیئر برانچ ہر ممکن تعاون جاری رکھے اور ویلفیئر فنڈ کے موثراستعمال سے زیادہ سے زیادہ ملازمین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے ملازمین کی درخواستیں سنیں اورفوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کئے۔آئی جی پنجاب نے سب انسپکٹر ساجد نور، اے ایس آئی شرافت علی سمیت دیگر ملازمین کی سنیارٹی فکسیشن اور پروموشن کی درخواستوں پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف کی ہدایت کی۔ اے ایس آئی غلام نبی (مرحوم) کی بیٹی کی والد کو شہید قرار دینے اور واجبات ادا کرنے کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف دینے کی ہدایت کی، کانسٹیبل رفاقت علی کی بیٹے کے علاج میں معاونت کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف دینے کی ہدایت کی، کانسٹیبل محمد حنیف شہید کی اہلیہ کی جانب سے بیٹے کی بطور جونیئر کلرک بھرتی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو ریلیف کی ہدایت کی، جونیئر کلرک الماس شکیل کی پنجاب کانسٹیبلری سے گوجرانوالہ تبادلے کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو ریلیف کی ہدایت کی جبکہ کانسٹیبل عتیق الرحمن کی جانب سے گھر کی تعمیر میں مالی معاونت کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے ایڈمن، ڈسپلن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کرتے ہوئے کہاکہ تمام درخواستوں پر فوری ایکشن کے ذریعے ملازمین اور انکے اہلخانہ کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔
پولیس خدمت مراکز شہریوں کو ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی میں مصروف ہیں :آئی جی پنجاب
















