بجلی کی پیداوار،خرید کیلئے انڈپینڈنٹ ملٹی پلیئرمارکیٹ بنانے کی منظوری

اسلام آباد،فیصل آباد: (بیورورپورٹ)کابینہ کمیٹی توانائی نے بجلی کی پیداوار اور خرید کیلئے انڈپینڈنٹ ملٹی پلیئر مارکیٹ بنانے کی منظوری دیدی ۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں بجلی کی پیدوار اور خرید کیلئے انڈپینڈنٹ ملٹی پلیئرمارکیٹ بنانے کی منظوری دی گئی،اجلاس میں کابینہ کمیٹی نے انڈپینڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر ISMO کی تشکیل کی اصولی منظوری دی ،کابینہ سے توثیق کی جائےگی،آئی ایس ایم او کو کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت ایس ای سی پی سے رجسٹر کیا جائےگا۔

آئی ایس ایم او حکومت کے ملک میں بجلی کے واحد خریدار کے کردار کو بتدریج ختم کرکے بجلی کی مارکیٹ کو ملٹی پلیئر انڈپینڈنٹ مارکیٹ میں تبدیل کر دے گا،ادارے کے ذریعے پاکستان میں بجلی کی ایک موثر اور شفاف مسابقتی مارکیٹ قائم کی جائےگی، نظام سے بجلی کے صارفین کو تقسیم کار کمپنیوں کے علاوہ دیگر سپلائرز سے بجلی خریدنے کی سہولت فراہم ہو سکے گی، کم سے کم لاگت کی بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے نظام کےلئے طویل مدتی منصوبہ بندی کی جا سکے گی،آئی ایس ایم او کے قیام سے بجلی کے شعبے میں گردشی قرضے اور بجلی کے نرخوں میں خاطر خواہ کمی ہوگی،آئی ایس ایم او کے بورڈ میں بجلی کے شعبے کے ماہرین کی شمولیت یقینی بنائی جائےگی۔

وزیر اعظم نے کہابجلی شعبے کی اصلاحات کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں،بجلی شعبے میں چوری اور نقصانات کو کم کرنے کیلئے اقدامات تیز اور مو¿ثر بنائے جائیں،بجلی چوری میں ملوث تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین کےخلاف محکمانہ کارروائی کی جائے،بجلی شعبے کی اصلاحات اور چوری کے سدباب کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا،مراسلے کے مطابق سینٹرل سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں گریڈ 20 اور 21 میں افسروں کو ترقی دی جائےگی، تمام سروس گروپس کے افسروں کا ڈیٹا طلب کرلیا گیا

دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں فتنہ الخوارج کےخلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل علی شوکت شہید کے فیصل آباد میں آبائی گھر جاکر اہل خانہ سے تعزیت اور شہید کےلئے دعائے مغفرت کی۔

شہبازشریف نے کہا دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، ملکی سلامتی کےلئے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا، لیفٹیننٹ کرنل علی شوکت نے وطن سے وفا کے اپنے عہد کی پاسداری کرتے ہوئے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کیا، قوم کو پاک فوج کی قربانیوں پر فخر ہے۔