پاکستان میں بہت سے کام بغیر آئین و قانون کے ہوجاتے ہیں: چیف جسٹس

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے پاکستان میں بہت سے کام بغیر آئین و قانون کے ہی ہو جاتے ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز فنڈ کیس پر سماعت کی،عدالت نے ڈیمز فنڈ پرائیوٹ بینک میں مارک اپ کیلئے رکھنے کے معاملے پر وفاقی حکومت اور واپڈا سے معاونت طلب کر لی۔

دوران سماعت ایڈیشنل آڈیٹر جنرل نے کہا سپریم کورٹ ڈیمز فنڈز کی رقم اپنے پاس نہیں رکھ سکتی، سپریم کورٹ کے حکم نامے کے تحت وزیراعظم، چیف جسٹس ڈیمز فنڈز اکاونٹ کھولا گیا، رجسٹرار سپریم کورٹ اکاونٹ کی دیکھ بھال کرتا تھا، تحقیقات سے علم ہوا ڈیمز فنڈز اور مارک اپ میں بے قاعدگی نہیں ہوئی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اکاونٹ کا عنوان نامناسب ہے، میری ہمیشہ پریکٹس رہی آئین و قانون کے بجائے عدالتی فیصلوں کو فوقیت نہیں دینی چاہیے، سابق اٹارنی جنرل نے کہا ڈیمز فنڈز کو حکومت کے استعمال کے بجائے ڈیمز کیلئے ہی استعمال ہونا چاہیے، جب ڈیمز فنڈز کیس چل رہا تھا اس وقت آرٹیکل 184 کی شق تین کے اختیار کا پھیلاو پورے ملک تک تھا، چیف جسٹس نے کہا سیاسی باتوں کے بجائے آئین کے تحت معاونت کریں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کیا فنڈز پبلک اکاونٹ سے مارک اپ کیلئے پرائیویٹ بینکس میں رکھے جا سکتے ہیں، ایڈیشنل آڈیٹر جنرل نے جواب دیا ڈیمز فنڈز پبلک اکاونٹ میں گئے تو مارک اپ نہیں لیا جا سکتا، 37 سالہ ملازمت میں ایسا کبھی نہیں دیکھا، چیف جسٹس نے کہا جب سپریم کورٹ میں عجیب و غریب چیزیں ہو رہی ہوتی ہیں اس وقت کوئی اعتراض نہیں کرتا، ہم ڈیمز بنانے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکمنامے کی طرف نہیں جائیں گے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سٹیٹ حکام سے استفسار کیا مارک اپ کون ادا کرتا ہے؟۔

ایڈیشنل آڈیٹر جنرل غفران میمن نے جواب دیا مارک اپ ٹی بلز کے ذریعے حکومت ادا کرتی ہے، ڈیمز فنڈ کی مکمل تحقیقات کی ہیں، کوئی خردبرد نہیں ہوئی،چیف جسٹس نے پوچھا حکومت اپنے آپ کو کیسے اور کیوں مارک اپ دے رہی ہے، میں نے حلف آئین کی بالادستی اور عملدرآمد کا اٹھایا تھا عدالتی فیصلوں کا نہیں،بعد ازاں عدالت نے ڈیمز فنڈز کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی۔