لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر وحید، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے ڈائریکٹر نوشین نے شرکت کی۔پروفیسر فرقد عالمگیر اور ڈاکٹر عدنان خان نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا۔پی آئی ٹی بی نے اس حوالے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ الحمدللہ گذشتہ دو ہفتوں سے شروع کئے جانے والے چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 200 سے زائد معصوم بچوں کی سرجریز کامیاب ہو چکی ہیں۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔ اس پروگرام کے تحت معصوم بچوں کی سرجریز کی ویٹنگ لسٹ میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ اس پروگرام سے قبل معصوم بچوں کے والدین کو سرجریز کیلئے ویٹنگ لسٹ کے مطابق مہینوں انتظار کرنا پڑتا تھا۔ اس پروگرام کے تحت پنجاب کے چلڈرن ہسپتالوں کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کی ڈیش بورڈ کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ حکومت پنجاب نے بچوں کی ہارٹ سرجری پروگرام کا پورا نظام انتہائی شفاف بنایا ہے۔
چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، 200 سے زائد معصوم بچوں کے آپریشن ہوچکے: سلمان رفیق
















