جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتی پر وزیراعلیٰ،گورنر پنجاب آمنے سامنے

لاہور: (اپنے رپورٹر سے،ایجوکیشن رپورٹر)جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتی پر وزیراعلیٰ،گورنر پنجاب آمنے سامنے آگئے۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہر کام میرٹ پر کر رہی ہوں، وائس چانسلرز بھی میرٹ و شفافیت پر لگائے ،گورنر اعتراض والا نام مسترد کرسکتے تھے،میں صبح 9سے رات 12 بجے تک کام کرتی ہوں،ایم این اے، ایم پی اے سب سفارش لاتے ہیں لیکن میں کسی کی بھی نہیں سنتی، محکمہ پولیس میں رشوت کے خاتمے کےلئے یونیفارم کےساتھ کیمرے لگا رہے ہیں، کوئی بھی اہلکار یونیفارم کے بغیر ڈیوٹی نہیں کرےگا۔

مریم نواز نے کہاکالجز و یونیورسٹیز میں منشیات کی روک تھام کےلئے بڑے بڑے گینگ پکڑے گئے ، بڑے گینگز اپنے ذاتی جہازوں پر مختلف شکلوں میں منشیات لا کر بیچتے تھے۔

دوسری جانب پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے واضح کیا وائس چانسلرز کی تعیناتی کے معاملے پر کوئی ذاتی جھگڑا ہے نہ کسی کو لگانے کی خواہش ہے،ایک شخص کا نام بتا دیں جو میں نے دیا ہو،ن لیگ کے تعینات کیے گئے وائس چانسلر پر کرپشن کے چارجز ہیں، خواہش ہے عہدوں پر اچھے لوگ تعینات ہوں، وائس چانسلر کے ناموں پر دوبارہ غور کرنے کی ضرورت ہے۔

سردار سلیم حیدر نے کہاکسی کی جرات نہیں مجھے 2کروڑ تو کیا 2روپے بھی بھیجے، حکومتی کشتی ڈوبے یا تیرتی رہے،ساتھ ہیں،میثاق جمہوریت پر بےنظیر شہید اور نواز شریف نے دستخط کر رکھے ہیں ،آئینی پیکیج پر عمل کر کے چارٹر آف ڈیمو کریسی کو مکمل کیا جائے،ملکی ترقی کےلئے بہتر ہے حکومت چلے ۔