مستقل وائس چانسلرز لگائیں گے: وزیر تعلیم :میرٹ پر تعیناتیاں چاہتا ہوں: سردار سلیم حیدر

لاہور، فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر+ بیورو رپورٹ) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب جو مرضی کرلیں جامعات میں مستقل وائس چانسلرز تعینات ہوں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ دو سال سے پنجاب کی جامعات میں مستقل وائس چانسلر نہیں تھے، گورنر نے 14 دن میں سمری پر دستخط کرکے بھیجنا تھا جس کا انتظار کیا اور اس کے بعد وقت پورا ہوتے ہی وائس چانسلرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ گورنر پنجاب جو مرضی کرلیں جامعات میں مستقل وائس چانسلرز تعینات ہوں گے، جوپیسے دیکر وائس چانسلر لگنا چاہتا تھا ہم نے یہ ہونے نہیں دیا، گورنرکو اعتراض ہے تو ایچ ای سی قوانین میں تبدیلی لائیں۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ ایسے قوانین کی ضرورت ہے کہ بیرون ممالک سے بھی لوگ وائس چانسلرز کیلئے اپلائی کر سکیں، سندھ میں وزیراعلیٰ یونیورسٹیوں کا وائس چانسلر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گورنرکے پاس وائس چانسلرلگانےکا اختیار نہیں، آئین کے مطابق یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تعیناتی ہو رہی ہے اور پہلے مرحلے میں 7 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرزکا نوٹیفکیشن ہوا ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب کی 13 یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز کی تقرری کے معاملے پر گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان اختلاف سامنے آیا تھا اور ذرائع گورنر ہاوس کے مطابق گورنر پنجاب نے وی سیز کی تقرری کی سفارشات مسترد کرکے واپس بھیج دیں تھیں۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ کی منظوری سے 13 میں سے 7 وی سیز کی تقرریاں کردی گئی تھیں اور ان 7 یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کا تقرر گورنر کی منظوری کے بغیر کیا گیا تھا۔ دوسری طرف گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ میری کوشش ہے کہ میرٹ پر وائس چانسلر لگیں، میرا کوئی مفاد نہیں صرف میرٹ پر تعیناتیاں چاہتا ہوں۔ فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس سے خطاب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ ہر اس اقدام جس سے میرے ملک میں بہتری آئے میں تعاون کروں گا، ملک کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا اور اسے مشکل صورتحال سے نکالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کی تعیناتی جس طرح ہوئی اس پر بہت انگلیاں اٹھیں، میری کوشش ہے کہ میرٹ پر وائس چانسلر لگیں، میرا کوئی مفاد نہیں، چاہتا ہوں میرٹ پر تعیناتیاں ہوں۔ سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ میرا سوال ہے کہ پاکستان میں صرف 20 لوگ ہیں، جو یونیورسٹیاں بدل کر وائس چانسلر بن سکتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ چارٹرڈ آف ڈیموکریسی میں آئینی ترمیم اور عدالتوں کے بارے بہت کچھ طے ہوا، جو چیزیں 18ویں ترمیم میں رہ گئیں وہ اس آئینی ترمیم میں پوری کرنی چاہیے۔