اے این ایف کے زیراہتمام تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کیلئے کانفرنس

لاہور (کرائم رپورٹر) اے این ایف کی جانب سے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کیلئے گزشتہ روز کانفرنس کا انعقادکیا گیا جس میں اینٹی نارکوٹکس فورس کی منعقد کردہ کانفرنس میں پنجاب کی سطح پر تمام متعلقہ اداروں نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کرنا ہے۔ اس مقصد کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے باہمی اشتراک کو فروغ دینا ازحد ضروری ہے تاکہ وہ نشے کے استعمال کی روک تھام کے حوالے سے موثر حکمت عملی اپنا سکیں اور ملکر جامع عملی اقدامات کر سکیں۔اس سلسلے میں اے این ایف ملک بھر کی جامعات کو منشیات سے پاک بنانے کے عزم کے ساتھ ملک گیر مہم کا آغاز کر رہی ہے۔ کانفرنس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، ایکسائز اینڈ نارکوٹکس پنجاب، پنجاب رینجرز، پنجاب پولیس، سیف سٹی اتھارٹی، ایف آئی اے، نادرا، پی سی ایس آئی آر اور دیگر اہم تعلیمی اور سماجی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی اور اپنی تجاویز پیش کیں۔ واضح رہے تعلیمی اداروں میں منشیات کی ترسیل اور طلبہ و طالبات کو اس گھناﺅنے فعل میں لگانے والوں کا قلع قمع کرنے کیلئے بھرپور ایکشن شروع کیا جا رہا ہے۔