سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے قومی ٹیم کے 15 کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے تقریباً 15 کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل کرلئے گئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کی بنیاد پر انہیں سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں سینٹرل کنٹریکٹ کے امیدواروں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا اور پہلے گروپ میں شامل 15 کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ فیصل آباد میں لئے گئے۔ذرائع کے مطابق جن کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لئے گئے ان میں عرفان نیازی، حارث روف، محمد حارث، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، امام الحق، عباس آفریدی، عثمان خان، اسامہ میر، زمان خان اور دیگر شامل تھے ۔اس سلسلے میں بتایا گیا کہ فٹنس ٹیسٹ میں 9 منٹس میں دو کلو میٹر رننگ کے ساتھ ساتھ 9 سیکنڈز میں بھاگ کر تین رنز، ایک منٹ میں 30 پش اپس، جم میں بینچ پریس اور دیگر ٹیسٹ شامل تھے۔گروپ میں شامل اسامہ میر اور شاداب خان نے دو کلومیٹر رننگ ساڑھے آٹھ منٹ میں مکمل کی اور تمام کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ بھی اچھے رہے۔ذرائع نے بتایا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے باقی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ 9 ستمبر کو ہوں گے۔