لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقدہوا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران نشتر ہسپتال ملتان، چلڈرن ہسپتال ملتان اور ملتان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جاری ری ویمپنگ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران، کنٹریکٹر اور ایکسین نے اس حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کنٹریکٹرز کو دو شفٹوں میں کام بڑھا کر نشتر ہسپتال ملتان، چلڈرن ہسپتال ملتان اور ملتان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ری ویمپنگ منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ نشتر ہسپتال ملتان کی ایمرجنسی اور او پی ڈی، چلڈرن ہسپتال ملتان کی ایمرجنسی، او پی ڈی اور ان ڈور وارڈز اور ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی و دیگر شعبہ جات کی ری ویمپنگ کی جا رہی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی آسانی کیلئے ری ویمپنگ منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ری ویمپنگ منصوبوں میں معیار اور شفافیت بارے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ متعلقہ افسران کو سرکاری ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ منصوبے کی مسلسل مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، ملتان کے تینوں ہسپتالوں کے ذمہ داران، متعلقہ ایکسین، کنٹریکٹر و دیگر افسران نے شرکت کی۔
ری ویمپنگ منصوبوں میں معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا: سلمان رفیق
















