راولپنڈی (مشرق نیوز) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میں بھی قومی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑاگئی اور دوسری اننگز میں اس کے 8 کھلاڑی 136 رنز پر پویلین لوٹ گئے ہیں جبکہ اسے بنگال ٹائیگرز کے خلاف صرف 151 رنز کی برتری حاصل ہوئی ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹڈیم میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 9 رنز نے اپنی باری کا آغاز کیا تو سکور میں خاطر خواہ اضافہ کیے بغیر صائم ایوب 20 اور کپتان شان مسعود 28 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ انکے بعد آنے والے بابر اعظم اپنی بری کارکردگی کا تسلسل نہ توڑ سکے اور صرف 11 رنز بنا پویلین لوٹ گئے، پاکستان کے چھٹے آوٹ ہونے والے کھلاڑی سعود شکیل تھے جو 2 رنز بنا سکے۔ کچھ دیر مزاحمت دکھانے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی ہمت ہار بیٹھے اور 43 رنز بناکر آوٹ ہوگئے، انکے بعد آنیوالے بلے باز محمد علی کھاتہ کھولے بغیر ہی واپس روانہ ہوگئے جبکہ آغا سلمان 24 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں، پاکستان کا مجوعی اسکور اس وقت 8 وکٹوں کے نقصان 145 رنز ہے اور اسے مہمان ٹیم پر 157 رنز کی برتری حاصل ہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے 4، ناہید رانا نے 3 اور تسکین احمد نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ گزشتہ روز پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا تھا اور عبداللہ شفیق ایک مرتبہ پھر صرف 3 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے تھے۔ ان کے بعد نائٹ واچ مین خرم شہزاد کو بقیہ وقت گزارنے کیلئے وکٹ پر بھیجا گیا لیکن حسن محمود نے انہیں بھی بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی تھی۔ تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 9 رنز بنائے تھے اور اسے مجموعی طور پر 21 رنز کی برتری حاصل تھی۔ یاد رہے کہ کھیل کے دوسرے روز پاکستان کی ٹیم 274 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی تھی، قومی ٹیم کی جانب سے صائم ایوب 58، شان مسعود 57، سلمان آغا 54 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔
دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم 172 رنز پر ڈھیر، بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 185 رنز درکار
















