اسلام آباد، لاہور (بیورو رپورٹ+ اپنے رپورٹر سے) جے یو آئی( ف) کے سربراہ فضل الرحمن نے تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا، سربراہ جے یو آئی (ف) فضل الرحمن نے کہا ہے تاجروں کی آج ملک بھر میں ہونے والی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں ، مہنگائی اور ناجائز ٹیکسز نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، آئی ایم ایف کے حکم پر بنے بجٹ نے عوام کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے،فضل الرحمن نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا جے یو آئی کے کارکن پرامن ہڑتال کو کامیاب بنائیں ، ملک بھر میں جے یو آئی بزنس فورمز اس ہڑتال میں بھر پور حصہ لیں،علاوہ ازیں فضل الرحمن نے صدر مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کے بعد لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میں نجومی نہیں جو بتا سکوں حکومت مدت پوری کرے گی یا نہیں، بلوچستان میں جو کچھ ہورہا ہے میرے پاس اس کی معلومات نہیں ہیں، سکیورٹی ایجنسیاں بہتر بتاسکتی ہیں، بلوچستان اور دیگر چھوٹے صوبوں میں وسائل اور مسائل کو دیکھنے کی ضرورت ہے، ہر صوبے کے وسائل پر مقامی لوگوں کا حق ہونا چاہیے،زرداری ضرور تشریف لائے ، ہم نے بھائیوں کی طرح ان سے ملاقات کی، تحریک انصاف سے بات چیت چل رہی ہے، 12 سال ہماری مخالفت رہی ہے دنوں کے اندر اتنی جلدی معاملات درست نہیں ہوسکتے، 9 مئی کے حوالے سے ریاستی اداروں کو فیصلہ کرنا ہے،قبل ازیں فضل الرحمن نے مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
تاجر ہڑتال کی حمایت کا اعلان، آئی ایم ایف بجٹ میں عوام کے منہ سے نوالہ چھین لیا: فضل الرحمن
















