بین المسالک ہم آہنگی، اتحاد، رواداری کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انوراور سیکرٹری ہوم پنجاب نور الامین مینگل پیر کی شب رات گئے میانوالی پہنچے، آئی جی پنجاب، سیکرٹری ہوم پنجاب نے کالاباغ میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا، آئی جی پنجاب اور سیکرٹری ہوم پنجاب نے دونوں مکاتب کو پرامن رہنے کی تلقین کی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ بین المسالک ہم آہنگی، اتحاد اور رواداری کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے، تمام مکاتب فکر، علما کرام، کمیونٹی لیڈرز،سکیورٹی اداروں کے تعاون سے امن کا قیام یقینی بنائیں گے۔ حافظ زبیر حسن ڈویژنل امن کمیٹی لاہور، نائب مہتمم جامع اشرفیہ لاہور، مفتی راغب نعیمی چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل، قاسم علی قاسمی جامع المنظر ماڈل ٹاون لاہور اور علماءکرام سرگودھا و ڈسٹرکٹ میانوالی بھی ہمراہ تھے۔ڈی پی او خوشاب توقیر نعیم، ایس پی آر آئی بی اظہر یعقوب سمیت سینئر افسران بھی آئی جی پنجاب کے ہمراہ تھے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب لاہور میں چہلم حضرت امام حسینؓ، عرس تقریبات حضرت داتا علی ہجویریؒ کے سکیورٹی انتظامات چیک کرنے کے بعد میانوالی روانہ ہو ئے۔ چہلم کے روز آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازی خان، ملتان اور لاہور میں مصروف دن گزارا، آئی جی پنجاب متواتر فیلڈ میں موجود رہے۔ امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، آئی جی پنجاب میانوالی میں کمیونٹی لیڈرز سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماءکرام اور امن کمیٹی کے ارکان سے ملاقاتیں بھی کیں۔