راولپنڈی،لاہور،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اٹک میں سکول وین پر فائرنگ،2طالبات جاں بحق،5بچے اورڈرائیورزخمی ہوگیا،زخمیوں و لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کر دیاگیا۔
پولیس کے مطابق تمام بچوں کی عمر 10 سے 12 سال کے درمیان ہیں، نامعلوم افراد موقع سے فرار ہوگئے،ڈی پی او اٹک سردار غیاث گل نے کہاابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزموں نے ذاتی دشمنی کی بنا پر وین ڈرائیور پر حملہ کیا ،زد میں آکر 2 طالبات جاں بحق ،ڈرائیور سمیت 6 طالب علم زخمی ہوگئے۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزموں کو جلد از جلد گرفتار اورلواحقین کو انصاف کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ادھر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا معصوم بچوں پر حملہ انتہائی ظالمانہ اور سفاکانہ عمل ہے،ذمہ داروں کےخلاف سخت کارروائی کی جائے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ودیگر نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے کہابربریت کا مظاہرہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے حقدار نہیں، سکول وین میں موجود بچوں پر فائرنگ درندگی ہے،دریں اثناچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا معصوم جانوں کی شہادت کی خبر سن کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے،طلبہ کے خون سے ہاتھ رنگنے والے درندے ہیں، فوری گرفتار کیاجائے۔
اٹک میں سکول وین پر فائرنگ،2طالبات جاں بحق،5بچے،ڈرائیور زخمی
















