لاہور (ہیلتھ رپورٹر ) میری پہچان پاکستان سب سے پہلے پاکستان 14 اگست یوم آزادی کا لفظ زبان سے ادا ہوتے ہی ہوتے ہی تحریک پاکستان کے ولولہ انگیز دور کی یاد تازہ ہو جاتی ہے، خوشیوں کے گلاب مہکنے لگتے ہیں یادوں کا قافلہ سفر کرنے لگتا ہے اور پھر وہ زمانہ تصور میں ابھرنے لگتا ہے جب برصغیر کے مسلمان اپنے عزم و حوصلہ سے اپنے مستقبل کی عمارت تعمیر کر رہے تھے۔ وہ دور مسلمانوں کیلئے بے پناہ کٹھن اور مشکل تھا۔ ایک طرف انگریز تھا جو یہاں ہزاروں برس حکومت کرنے کے منصوبے بنا رہا تھا اور دوسری طرف وہ دشمن تھا جو مسلمانوں سے اپنی سینکڑوں برس کی غلامی کا بدلہ چکانے کی سوچ رہا تھا۔ان خیالات کا اظہار میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین کی جشن آزادی کے حوالے سے روزنامہ ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نازک دور میں قائد اعظم محمد علی جناح آزادی کے سورج کی علامت بن کر ابھرے۔ آزادی وہ سورج ہے جس نے دیکھتے ہی دیکھتے غلامی کی تاریکیوں کا طلسم توڑ دیا اور آزادی کی روشنی سے ماحول جگمگانے لگا۔ قائد اعظم کی قیادت بلاشبہ قدرت کا بہت بڑا انعام تھی۔ وہ قائد جس نے باطل کے سامنے جھکنا نہیں بلکہ جھکانا سیکھا تھا۔ وہ قائد جس کے لوہے نے ہر لوہے کو کاٹا اور جس کا کردار صحیح معنوں میں مرد مومن کا کردار تھاقائد اعظم نے ملت اسلامیہ کی یوں ناخدائی کی کہ قوم نے صدیوں کا فاصلہ برسوں میں طے کر لیا اور پھر چودہ اگست کو چشم فلک نے یہ ایمان افروز منظر دیکھا کہ انگریزوں کا اقتدار حرف غلط کی طرح مٹ چکا تھا اور سامراج مسلم دشمنی میں ناکام ہو کر اپنے زخم چاٹ رہا تھا۔ ہمارا محبوب قائد اپنے تمام حریفوں کو شکست فاش دے چکے تھے اور دنیا پاکستان کے وجود کو سلام عقیدت پیش کر رہی تھی تحریک پاکستان کی اصل قوت دو قومی نظریہ اسلام تھی جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر دیا تھا اور فضائیں ”پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ” کے پر جوش نعروں سے گونج رہی تھیں ایم ایس جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے مزید کہاکہ پاکستان ہمارے عظیم قائد کی نشانی ہے۔ یہ وہی مقدس سرزمین ہے کہ جسے حاصل کرنے کیلئے لاکھوں شہداءنے اپنا خون اس پر نچھاور کیا ہے۔ جس کی عظمت و آبرو کیلئے بے شمار خواتین اسلام نے اپنی عصمتوں کی قربانی دی ہے۔ ان شہیدوں کا لہو ہمیں یہ پیغام دے رہا ہے کہ اگر ہمارے احسان کا بدلہ چکانا چاہتے ہو تو پھر اس پاکستان کو مستحکم بنانا ہوگا جس کیلئے ہم نے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ ہمارا ہر اعزاز پاکستان کے طفیل ہے۔ ہم طالب علم ہیں یا استاد مزدور ہیں یا صنعت کار افسر ہیں یا ماتحت شہری ہیں یا دیہاتی ، ہماری شان اور آن بان فقط پاکستان کے دم قدم سے قائم ہے۔ اگر ہمارا ملک سلامت ہے تو پھر سب کچھ محفوظ ہے اور اگر ہمارا ملک خطرات کی زد میں ہے تو پھر ہم بھی محفوظ نہیں ہیں۔ ہمارے پاس جو کچھ ہے وہ آزادی کا عطیہ ہے اس لئے ہم نے ہر قیمت پر اپنے مقدس وطن کی آزادی کو برقرار رکھنا ہے اور اسے اقوام عالم میں انتہائی بلند و بالا مقام بخش کر اس کے وجود کو ترقی و خوشحالی کی ضمانت بنانا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا تھا کہ جشن آزادی کے حوالے سے جنرل ہسپتال میں باقاعدہ تقریب منعقد ہو گئی جس میں نرسنگ سٹاف پیرا میڈیکل سٹاف اور ڈاکٹرز کی حاضری کو یقینی بنایا جائیگا۔
یوم آزادی کہتے ہی تحریک پاکستان کی ولولہ انگیز یادیں تازہ ہوجاتی ہیں :پروفیسر ڈاکٹر فریاد
















