پنجاب حکومت کا اہم اقدام،پولیس ملازمین کیلئے شہدا پیکیج کی منظوری دیدی گئی

لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی وزیر قانون پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں اجلاس منعقد ہواجس میںپولیس ملازمین کیلئے شہدا پیکچ کی منظوری دے دی گئی۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کی کارروائیوں میں شہید ہونے والے پولیس ملازمین سمیت 17 پولیس شہدا کیلئے گرانٹ و گھر دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل، ایڈیشنل آئی جی ریاض نزیر، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ عدنان شہزاد، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی کارروائیوں میں شہدائے پولیس سب انسپکٹر ارشد، کانسٹیبل غلام رسول اور کانسٹیبل اسماعیل روف کیلئے پیکیج ون کے تحت گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔ دیگر واقعات میں شہید ہونے والے سب انسپکٹر شفیق، اے ایس آئی اکرم، کانسٹیبل شہزاد، کانسٹیبل بلال، کانسٹیبل محسن بلال، کانسٹیبل عمران حیدر، کانسٹیبل غضنفر محمود، کانسٹیبل عدنان، شفیق احمد، عاشق حسین، ذیشان خرم کو پیکیج ٹو کے تحت گرانٹ دینے کی منظوری دی گئی۔انسپکٹر سید ضیغم عباس، ٹریفک وارڈن محمد علی رضا اور کانسٹیبل عاشق علی کو پیکیج تھری کے تحت گرانٹ دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ پیکیج ون کے تحت شہید سب انسپکٹر کی فیملی کو سوا کروڑ روپے، گھر کیلئے ایک کروڑ 75 لاکھ روپے اور ٹرانسپورٹ الاونس 35 ہزار روپے، پیکیج ون کے شہید کانسٹیبل کی فیملی کو ایک کروڑ، گھر کے ایک کروڑ 35 لاکھ اور ٹرانسپورٹ الاونس بیس ہزار روپے ملے گا۔ پیکیج ٹو کے شہید کانسٹیبل کی فیملی کو 40 لاکھ، گھر کیلئے ایک کروڑ 35 لاکھ روپے، پیکیج ٹو اے ایس آئی اور سب انسپکٹر کی فیملی کو 50 لاکھ اور گھر کیلئے ایک کروڑ 75 لاکھ روپے ملیں گے۔پیکیج تھری کے شہید کانسٹیبل کی فیملی کو 30 لاکھ اور پندرہ ہزار ٹرانسپورٹ الاﺅنس، پیکیج تھری کے شہید انسپکٹر کی فیملی کو 45 لاکھ اور 37 ہزار 500 ٹرانسپورٹ الاونس ملے گا۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے اس موقع پر کہا کہ شہید ہمارا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ انہوں نے اس موقع پر ہدایات دیں کہ رات کے اوقات میں حادثات سے بچاو¿ کیلئے پولیس ملازمین کی وردی پر ریفلکٹر بینڈ استعمال کے جائیں۔