لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے یوم استحصال کشمیر پر اپنے ایک پیغام میں کہاہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کو کھلی جیل میں بدل کر جبرو استبداد کی بدترین مثال قائم کی ہے۔مقبوضہ کشمیر کے ہر مظلوم اور محصور کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ نریندر مودی کے ہاتھوں پر مظلوم کشمیری عوام کے خون کے نشان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے غیرقانونی اور غاصبانہ تسلط کے خلاف کشمیریوں کی لازوال قربانیاں بے مثال ہیں۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا نشانہ بننے والے ہر شہید کو سلام پیش کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی ماوں، بہنوں، بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پاکستان نے دنیا کے ایوانوں میں ہر بار کشمیریوں کے حق کی آواز کو بلند کیا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے ہی جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی ممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام کا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے غلاف کعبہ کی مینوفیکچرنگ کرنے والی کسواءفیکٹری کا دورہ۔ انچارج کسواءفیکٹری احمد السوری نے صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کو فیکٹری کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کسواءمینوفیکچرنگ فیکٹری میں نایاب نوادرات دیکھ کر انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔کسواءفیکٹری میں غلاف کعبہ کو بنوائی سمیت تمام مراحل سے گزاراجاتاہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ غلاف کعبہ کی مینوفیکچرنگ کرنے والی کسواءفیکٹری کا دورہ کسی سعادت سے کم نہیں ہے۔
مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی: سلمان رفیق ،غلاف کعبہ تیار کرنے والی کسوا فیکٹری کا دورہ
















