ہنیہ کے قتل کی مذمت، بڑھتی اسرائیلی مہم جوئی پر گہری تشویش ہے،پاکستان

اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ: (بیورورپورٹ)پاکستان نے حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے اہلخانہ و فلسطینی عوام کےساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں،دہشتگردی کی تمام شکلوں کی مذمت کرتے ہےں جس میں ایسے ماورائے عدالت قتل بھی شامل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاحملے کے وقت پر حیرت ہے،ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری کے موقع پر پاکستان کے نائب وزیراعظم سمیت متعدد غیر ملکی معززین نے شرکت کی، پاکستان کو خطے میں بڑھتی اسرائیلی مہم جوئی پر گہری تشویش ہے ،تازہ ترین کارروائیاں پہلے سے عدم استحکام کا شکار خطے میں خطرناک اضافہ اورامن کی کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔

دریں اثنا سیاسی رہنماﺅں نے بھی اسماعیل ہنیہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے احتجاج کااعلان کردیا،سربر اہ جے یوآئی فضل الرحمن نے کہا اسماعیل ہنیہ کے خاندان ،فلسطینیوں کے غم میں برابر شریک ہےں،شہادت سے فلسطین کی آزادی تحریک ختم نہیں ہوں گیجمعہ کو ملک بھرمیں احتجاج کی کال دیدی ،شہر شہر احتجاجی مظاہرے ہوں گے،ہنیہ کی شہادت پر قومی اسمبلی، سینٹ، کے پی اور بلوچستان اسمبلی قرادادیں پیش کریں گے۔

رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمن نے کہا اسرائیل جنگ کو روکنے کی بجائے پھیلا رہا ہے، مذاکرات اور جنگ بندی میں سنجیدہ نہیں،خورشید شاہ نے کہا اسماعیل ہنیہ کا قتل اسرائیلی دہشت گردی کی کھلی مثال ہے،ایرانی آزادی و خودمختاری میں مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہیں،اسرائیلی بربریت کا راستہ روکنے کےلئے عالمی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،فواد چودھری نے کہا فلسطین کی تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے، اسماعیل ہنیہ کے خاندان کی شہادت لہو سے لکھی قربانیوں کی تاریخ کا نیا باب ہے۔

مشاہد حسین سید نے کہا اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد جنگ بڑھنے کا خطرہ بڑھ گیا،شہادت کی خبر بہت دکھ سے سنی ، فلسطینی عوام کےساتھ ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہنیہ نے دنیا کی ظالم ترین طاقتوں کا بے جگری سے مقابلہ کیا، اللہ کا شیرسرخرو ہوگیا،شہادت مسلمان کی زندگی کا اختتام نہیں بلکہ راحتوں بھری زندگی کا آغاز ہے،اسرائیل ،سرپرستوں کو ظلم کی قیمت چکانا ہوگی، اسرائیلی اقدام نے پورے خطے کو نئی آزمائش میں ڈال دیا ، صاف نظر آرہا ہے جنگ اب غزہ تک محدود نہیں رہے گی،لیاقت بلوچ نے کہاہنیہ کی شہادت سے آزادی تحریک ختم نہیں ہوگی،ایران میں اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنا بڑی سازش ہے، فلسطینیوں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، شہادت عالم اسلام میں نئی لہر پیدا کرے گی۔

شوکت یوسفزئی نے کہا اسرائیلی جارحیت سے پوری دنیا کے امن کو شدید دھچکا لگا، اسرائیل دہشت گرد ہے، امریکہ ،یورپ کو فیصلہ کرنا ہوگا کیا وہ دہشتگرد کو سپورٹ کریں گے،اسماعیل ہنیہ نے فلسطین کی آزادی کےلئے اپنا پوراخاندان قربان کردیا۔

دوسری جانب شہر شہر اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، سب سے بڑا اجتماع راولپنڈی میں ہوا،ہزاروں افراد نے شرکت کرکے اسماعیل ہنیہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور پرجوش نعرے لگائے۔

ادھر قومی اسمبلی ،سینٹ میں مذمتی قراردادیں جمع کرادی گئیں،قومی اسمبلی میںقرارداد جے یو آئی کی جانب سے غفور حیدری، عثمان بادینی، مولانا سمیع الدین ،عالیہ کامران نے جمع کرائی،متن میں کہا گیا امت مسلمہ خاص کر فلسطین عظیم انقلابی رہنما و مجاہد سے محروم ہوگیا ،اسماعیل ہنیہ نے فلسطین کو عالمی سطح پراجاگر کیا، اسرائیل کے غاصبانہ کردار کو دنیا کے سامنے رکھا، حملے کی شدید مذمت کرتے ہےں،سینٹ میں پیش کی گئی قرارداد میںپی پی رہنما پلوشہ خان نے کہا ایوان پر زور سفارش کرتا ہے بین الاقوامی ممالک،او آئی سی ، مسلم ممالک اسرائیلی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کےلئے متحد ہوں، غزہ میں بھوک سے مرنے والی بے قصور عوام کو فوری طور پر امداد فراہم کی جائے۔

مزید برآںاسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے3روزہ سوگ کااعلان کرتے ہوئے کہااقوام متحدہ حملے میں ملوث ملک کےخلاف سخت قانونی کارروائی کرے، اسرائیل پر عالمی پابندیاں لگائی جائیں اور غزہ میں نسل کشی فوری بند کی جائے۔