ہوم اکنامکس کو وسعت دینے کی ضرورت ہے: وزیر تعلیم، کالج کی نوتزئین شدہ عمارت کا افتتاح

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں انٹرمیڈیٹ کی طالبات کیلئے کالج آف ہوم اکنامکس اینڈ سوشل سائنسز کی نوتزئین شدہ عمارت کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے عمارت کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی اورسینئر صحافی سلمان غنی نے شرکت کی۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تزئین شدہ عمارت میں نئے کلاس رومز اور اساتذہ کیلئے کمرے بنانا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوم اکنامکس یونیورسٹی پنجاب کی مثالی درس گاہ ہے، ہوم اکنامکس کو پورے پنجاب تک وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ رانا سکندر حیات نے بتایا کہ پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیز کیلئے بڑا سکالر شپ پروگرام لانچ کر رہے ہیں جس میں لڑکیوں کی تعلیم کیلئے خصوصی پیکیج شامل کیا جارہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی نے کہا کہ یونیورسٹی میں انٹرمیڈیٹ کی طالبات کو جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور تزئین شدہ عمارت میں بی ایس ہوم اکنامکس کی کلاسز کا بھی انعقاد کیا جائیگا۔ اس موقع پر سینئر صحافی سلمان غنی نے اسمائے حسنی کیلی گرافی پر مبنی فن پاروں کا بھی افتتاح کیا۔ اللہ تعالی کے 99 نام پر مشتمل کیلی گرافی سرامک ٹائلز پر کی گئی ہے۔