لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں لاءاینڈ آرڈر کا 10 واں اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔متعلقہ افسران نے اس حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن 19 کے تحت 14 مختلف کیسوں کیلئے جے آئی ٹیز بنانے کی منظوری دی گئی۔مختلف اضلاع میں 6 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔اجلاس میںبین الصوبائی چیک پوسٹوں کی سکیورٹی کیلئے رینجرز کے دستے تعینات کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبہ پنجاب کے امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی، ریاست کسی صورت تشدد کی اجازت نہیں دیگی، دہشت گردوں کو سزا دلوائے بغیر معاشرے میں امن قائم نہیں ہو سکتا، متعلقہ ادارے عدالتوں میں کیسوں کی باقاعدہ پیروی یقینی بنائیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران تمام اداروں نے دن رات محنت کی ہے۔ عوام کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ آئندہ اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی عثمان خالد، ڈی آئی آپریشنز پنجاب، ڈی آئی جی سپیشل برانچ، رینجرز و متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
عوام کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے: خواجہ سلمان رفیق
















