تاریخ رقم،پہلی ایئر ایمبولینس سروس کا میانوالی سے آغاز،خاتون کی جان محفوظ

راولپنڈی ،میانوالی،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)تاریخ رقم،پہلی ایئر ایمبولینس سروس کا میانوالی سے آغاز،چھت سے گرنےوالی خاتون کی فوری پنڈی ہسپتال منتقلی سے جان بچ گئی۔

میانوالی کے علاقے پپلاں میں چھت سے گرنےوالی خاتون مریضہ حلیمہ اور اٹینڈنٹ منور کوڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میانوالی سے ائیر ایمبولینس کے ذریعے پہلے پی اے ایف بیس میانوالی سے اسلام آباد نور خان ایئر بیس پہنچایاگیاپھر ریسکیو 1122نے فوری علاج و معالجے کےلئے سپیشل کئیر ہسپتال(ڈی ایچ کیو راولپنڈی)شفٹ کیا،جان بچانے کیلئے خاتون کو بڑے ہسپتال میں منتقل کرنا ضروری تھا،خاتون کو فوری ریسکیو کرکے گولڈن آورمیں پنڈی ہسپتال منتقل کرکے علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں اور جان بچا لی گئی۔

ائیر ایمبولینس کی فضائی نگرانی میانوالی کے قابل فخر سپوت ریسکیو 1122 کے ڈی جی ڈاکٹررضوان نصیراورشمالی پنجاب کے سینئر ایئر میڈیکل افسر ڈاکٹر عتیق خان نیازی کررہے تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہانواز شریف کی ہدایت کے مطابق پنجاب کے عوام سے کیا ایک اور وعدہ پوراکرکے تاریخ کی پہلی ائیر ایمبولینس نے کام شروع کر دیا، مریضہ کو فوری علاج کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں،حلیمہ کے اہلخانہ نے دعا دیتے ہوئے کہا ”مریم نوازرحمت کا فرشتہ ثابت ہوئیں،وزیر اعلیٰ مریم نوازنے حلیمہ کے اہلخانہ کو پیغام دیتے ہوئے کہا جس نے ایک جان بچائی اس نے پوری انسانیت کو بچایا،دعا اور دلی آرزو ہے ہر شہری کی زندگی سے ہر دکھ مٹا دوں،حلیمہ کی صحت یابی کےلئے پوری قوم سے دعا کرے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے ٹیوٹا پراجیکٹس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کا حکم دیتے ہوئے ٹیوٹا اداروں میں کورین، جاپانی، جرمن،چینی ،عربی لینگویج کورسز متعارف اور 9شہروں میں 45ویلڈنگ ورک شاپس بنانے کی منظوری دےدی۔

اجلاس میں انٹرنیشنل مارکیٹ میں سکلڈ جاب کےلئے پنجاب اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹنگ اتھارٹی کے قیام کی تجویز،ٹیوٹا میں ہیومن ریسورس کی کمی دور کرنے کےلئے ایک ہزار ملازمین کو بھرتی کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، گوجرانوالہ، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، اٹک، ٹیکسلا، لیہ ، میانوالی میں ویلڈنگ ،کنسٹرکشن کورس کی جدید ترین لیب قائم کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازنے کہا اقتصادی ترقی ،بےروزگاری کو کم کرنے میں ٹیکنیکل ٹریننگ کورسز میں جدت وقت کی ضرورت ہے، انٹرن ، اپرنٹس شپس اور ملازمت کے حصول میں معاونت کےلئے معروف صنعتوں کےساتھ شراکت داری قائم کریں، پنجاب میں مضبوط فنی تعلیم کاماڈل نظام بنانے میں کامیاب ہوں گے۔