لاہور (کرائم رپورٹر) چیئرپرسن چیف منسٹر ٹاسک فورس رانامنان خان نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا مشن ہے کہ پنجاب کی جیلوں کو تربیتی سینٹرز میں بدلنا ہے تاکہ لوگوں کو جرم سے نفرت ہو اور معاشرے میں امن و امان کی فضا قائم ہو۔چیئرپرسن چیف منسٹر ٹاسک فورس جیل خانہ جات محکمہ داخلہ پنجاب رانامنان خاں نے آئی جی جیل پنجاب کے دفتر کا دورہ کیا ہے جہاں آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے پنجاب کی جیلوں اور قیدیوں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے بریفنگ دی۔چیئرپرسن چیف منسٹر ٹاسک فورس رانا منان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پنجاب کی جیلوں ہنگامی دورے بھی کئے جائیں گے۔ انہوںنے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کے ساتھ ملاقاتی نظام کو بہتر بنایا جائے اور جلد سے جلد سسٹم کو آئن لائن کیا جائے جس سے اپنوں کے ساتھ آسانی سے ملاقات کی سہولت میسر آئیگی۔آئی جی جیل خانہ نے فوری واٹس اپ نمبر پر ملاقات کیلئے جولائی کے آخر سے وقت لینے کی سہولت میسر کروانے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ جلد ملاقاتی نظام کیلئے ایپ متعارف کروا دیں گے جس پر ملاقات کےلئے آن لائن وقت لینے کی سہولت میسر ہوگی۔چیئر پرسن ٹاسک فورس نے آئی جی جیل خانہ جات کو پنجاب کی تمام جیلوں میں تربیتی سیشنز، ٹیوٹا انسٹیٹیوٹ کو اوپن اور افعال کروانے کی ہدایات جاری کیں تاکہ جیلوں سے لوگ ہنرمند بن کر معاشرے میں عزت سے زندگی گزار سکیں۔رانامنان خان نے مزید کہا کہ جیلوں میں صفائی اور صحت کی سہولیات کا خیال رکھاجائے ، کیونکہ جرم سے ہٹ کر ہمیںاحساس اور انسانیت کے جذبے کو بھی پروان چڑھانا ہے تاکہ ہم ان لوگوں کے اندر انسانیت کی اہمیت کو اجاگر کر سکیں۔
وزیراعلیٰ مشن کے مطابق جیلوں کو تربیتی سینٹرز میں بدلنا ہے :چیئرپرسن چیف منسٹر ٹاسک فورس
















