لاہور میں 315 ملی میٹر بارش ،44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا،شہر تالاب

لاہور:( خبر نگار،اپنے نمائندے سے)لاہور میں 318 ملی میٹر بارش ،44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا،شہر تالاب،نشیبی علاقے زیر آب،بجلی غائب،ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبے کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے الرٹ جاری کردیا۔

لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بادل خوب برسے،طوفانی بارش نے جل تھل ایک کردیا، نشیبی علاقے زیر آ ب ،پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا، ،گلیاں،سڑکیں دریا کامنظر پیش کرتی رہیں، سرکاری و نجی ملازمین کو دفاتر ،کاروبار پر پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا،ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہونے سے بجلی گھنٹوں غائب رہی، گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہو گیا، موسم ٹھنڈا ہونے سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

واسانے اعدادو شمار جاری کرتے ہوئے کہالاہور میں 315ملی میٹر بارش سے 44سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا،شہر بھر میں ساڑھے 7گھنٹے بادل برسے،تاجپورہ میں سب سے زیادہ 315،جیل روڈ 69، ایئرپورٹ 86، گلبرگ 103،لکشمی چوک 170، اپرمال 128، مغلپورہ 145،نشتر ٹاﺅن 162، چوک ناخدا میں 151ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ادھرپی ڈی ایم اے نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے باعث الرٹ جاری کر تے ہوئے کہاموسلا دھار بارشوں سے پنجاب کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، مون سون بارشوں کا سپیل 15جولائی تک جاری رہے گا ،شہری احتیاط برتیں۔