ٹرینیڈاڈ (مشرق نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں جاری 9 آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے دونوں سیمی فائنل (کل) جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ جنوبی افریقہ اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان (کل) جمعرات کو برائن لارا سٹیڈیم ٹرینیڈاڈ میں کھیلا جائیگا ۔میچ کا ٹاس پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 5 بجکر 30 منٹ پر ہوگا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم کو مایہ ناز بلے باز ایڈن مارکرم لیڈ کر رہے ہیں اور افغانستان کی ٹیم کی قیادت مایہ ناز آل راﺅنڈر راشد خان کر رہے ہیں۔میگا ایونٹ کا اسی روز دوسرا سیمی فائنل میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان پراویڈنس سٹیڈیم گیانا میں کھیلا جائیگا۔ میچ کا ٹاس پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 7بجکر 30 منٹ پر ہوگا۔بھارتی ٹیم کو مایہ ناز اوپننگ بلے باز روہت شرما لیڈ کر رہے ہیں جبکہ انگلینڈ کی ٹیم کی کمان مایہ نازوکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کے ہاتھ ہے۔ سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کے کپتانوں نے کامیابی کیلئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے سیمی فائنل مقابلے دلچسپ اور کانٹے دار ہوں گے۔میگا ایونٹ کی فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل میچ 29جون کو کنگسٹن اوول، برج ٹان، بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے دونوں سیمی فا ئنل کل کھیلے جائیں گے
















