طلبہ ، اساتذہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہم مہارتوں سے آگاہ کرنا ہے: صوبائی وزیر تعلیم
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ڈیجیٹل سپیڈ جاری، پنجاب میں ڈیجیٹل سفر کے آغاز کے ضمن میں ایک اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے صوبے کے اساتذہ اور طلباءکیلئے ”ڈیجیٹل سفر پروگرام“لانچ کر دیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ڈیجیٹل سفر کا مقصد پنجاب کے طلبہ ، اساتذہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہم مہارتوں سے آگاہ کرنا اور مستقبل کیلئے ٹیک پروفیشنلز پیدا کرنا ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سفر پروگرام کے پہلے مرحلے میں 1000 اساتذہ اور 50 ہزار طلباءکو آئی ٹی سکلز سے عہدہ برآ کر کے ڈیجیٹل انقلاب لائیں گے اور اساتذہ کو آئی ٹی کی ٹریننگ دے کر گوگل چمپئن بنائیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ڈیجیٹل لٹریسی کیلئے یہ پروگرام اہم حیثیت کا حامل ہے۔ ٹیک ویلی اور گوگل کے اشتراک سے ڈیجیٹل سفر پروگرام ڈیجیٹل خواندگی میں اضافہ کریگا۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ہمارا عزم ہر فرد کو ڈیجیٹل شہری بنانا ہے۔ اسی ضمن میں اساتذہ کیلئے گلوبل سرٹیفیکیشن پروگرام بھی لانچ کیا جائیگا۔ ٹیکنالوجی کے استعمال سے اساتذہ کا برڈن بھی کم ہوگا جبکہ گوگل سرٹیفائیڈ ہونے سے اساتذہ کی پیشہ ورانہ اہمیت میں بھی اضافہ ہوگا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہر ضلع کے ٹاپ پرفارمنس ٹیچر کو گاڑی کا تحفہ دیا جائے گا۔ رانا سکندر حیات نے تقریب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کو ایسا پے بیک کریں گے کہ 2 سال بعد ہمارے بچے سرکاری سکولوں میں پڑھ رہے ہوں گے۔
















