لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگلے سال پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول حتمی منظوری کیلئے آئی سی سی کو بھیج دیا ہے۔ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9مارچ تک کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں منعقد ہو گا، بھارتی ٹیم اپنے تمام میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گی۔ فائنل سمیت 7 میچز لاہور میں ہوں گے جبکہ کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم افتتاحی میچ اور ایک سیمی فائنل کی میزبانی کریگا، کراچی میں مجموعی طور پر 3 میچز ہوں گے۔ راولپنڈی 1 سیمی فائنل سمیت 5 میچوں کی میزبانی کریگا۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر 15میچز کھیلے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق قذافی سٹیڈیم میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر کی جگہ جدید کارپوریٹ باکسز بنائے جائیں گے، پوری بلڈنگ کو نہیں گرایا جائیگا، ڈریسنگ روم حال ہی میں بنے ہیں وہ اپنی جگہ موجود ہوں گے۔ فضل محمود اور عمران خان انکلوژر میں تماشائیوں کی گنجائش بڑھائی جائیگی اور موجودہ انکلوژر کے پیچھے سے انکلوژر کو مزید اونچا کیا جائیگا۔ لاہور، کراچی اور پنڈی سٹیڈیم میں نئی ڈیجیٹل سکرین نصب کی جائیں گی۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کی عمارت کی حالت کو بہتر بنایا جائیگا اور سکور بورڈ کے ساتھ یونیورسٹی اینڈ پر نیا میڈیا سینٹر تعمیر کیا جائیگا۔
پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول حتمی منظوری کیلئے آئی سی سی کو بھیج دیا
















