تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر پر عدلیہ کیخلاف میدان میں نکلنے کا الزام

اسلام آباد (مشرق نیوز) تحریک انصاف کے ترجمان روف حسن نے الزام عائد کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ عدلیہ کیخلاف میدان میں نکلے ہیں۔ روف حسن نے کہا کہ سکندر سلطان راجہ نے 2022 میں سپریم کورٹ میں بیان دیا کہ 6 ماہ سے پہلے انتخابات نہیں کروا سکتے، قومی انتخابات کو بھی 90 روز کی دستوری مدت کے بعد 3 ماہ تک لٹکائے رکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو انتخابی عمل سے باہر کرنے کیلئے بلے کا انتخابی نشان چھینا گیا، تحریک انصاف ریٹائرڈ ججوں کی ٹربیونلز میں تقرریوں کو قبول نہیں کرے گی۔

دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا ہے کہ عدلیہ سے آر اوز لینے کیلئے چیف جسٹس سے ملاقات کی تھی۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق وہ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سے بھی ملے تھے، مثبت پیشرفت نہ ہونے پر انتخابات میں صوبائی انتظامیہ کے افسران لینے پڑے، اس سے ہٹ کر چیف الیکشن کمشنر سے منسوب تمام بیانات جھوٹے اور گمراہ کن ہیں۔