لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کریمنلز، بلائنڈ مرڈرز سمیت سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کی سرکوبی کرنے والے کرائم فائٹر افسران و اہلکاروں کی تعریفی اسناد و کیش انعامات سے حوصلہ افزائی کی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شاندار کارکردگی کی حامل بہاولپور ریجن کی پولیس ٹیموں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں خصوصی تقریب سجائی جس میں رحیم یار خان کی 7، بہاولپور کی 6، بہاولنگر کی 4 پولیس ٹیموں کو تعریفی اسناد و کیش انعامات سے نوازا۔ علاوہ ازیں پنجاب پولیس کے خدمت مراکز لاہور سمیت صوبہ کے تمام اضلاع میں شہریوں کو ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سال رواں میں اب تک مجموعی طور پر 11 لاکھ سے زائد شہری پولیس خدمت مراکز سے پولیسنگ سہولیات حاصل کر چکے ہیں جبکہ گذشتہ ماہ 02 لاکھ 40 ہزار سے زائد شہریوں نے مختلف کیٹیگریز میں پولیس سروسز حاصل کیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے جدید ٹیکنالوجی کے حامل بہترین پراجیکٹ ہے جس سے صوبہ کے تمام اضلاع میں لاکھوں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس پروموشن بورڈ کا اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا جس میں پروموشن بورڈ نے 09 سینئر سکیل اسٹینوگرافرز کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر پرسونل اور پرائیویٹ سیکرٹری کے عہدوں پر ترقی کی منظوری دی۔ تفصیلات کے مطابق مرزا سکندر عباس کو پرائیویٹ سیکرٹری سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پرسونل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ میاں محبوب اور عبدالحمید کو سینئر اسکیل اسٹینوگرافرز سے پرائیویٹ سیکرٹری کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ میرٹ پر پیشہ ورانہ مسائل کا بروقت ازالہ اور ذاتی امور میں پولیس ملازمین کی بہترین ویلفیئر پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، سپروائزری افسران ماتحت سٹاف کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سروس امور سے متعلقہ مسائل کو موثر سپرویڑن سے بروقت حل کیا جائے اور تمام افسران فورس کے ساتھ اپنے رابطے کو بہتر بناتے ہوئے ریلیف فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ان خیالات کا اظہار پولیس ملازمین او ر انکے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ کی پیش کردہ درخواستیں سن کر ریلیف بارے احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے کانسٹیبل شوکت علی مرحوم کے بیٹے کی بطور ڈرائیور کانسٹیبل بھرتی کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو ریلیف کی ہدایت کی، انسپکٹر منور حسین کی محکمانہ ترقی کی درخواست پر میرٹ کے مطابق ریلیف کیلئے ایڈیشنل آئی جی پنجاب کوبھجوا دی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ڈرائیور کانسٹیبل لطیف عباس کی اہلیہ کی جانب سے میڈیکل بلز کی ادائیگی کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا۔ ڈولفن اسکواڈ لاہور کے 05 وائر لیس آپریٹرز کی اے بی لسٹ اور پی کیڈٹ امتحان میں شمولیت کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو میرٹ پر ریلیف کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے انسپکٹر عبدالکریم کی پروموشن درخواست پر ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہاکہ سپروائزری افسران ملازمین کی درخواستوں پر ایکشن لے کر رپورٹس سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔
پولیس فورس کی شجاعت، فرض شناسی، قربانی کا جذبہ ہماری اصل طاقت ہے:آئی جی پنجاب
















