لاہور (مشرق نیوز) کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں سے تعلق رکھنے والے نامور پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں حصہ لینے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ ٹیم قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔ ان نامور کھلاڑیوں نے ان خیالات کا اظہار پی سی بی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں کیا ہے۔ 10برٹش اوپن اور 6 ورلڈ اوپن ٹائٹل جیتنے والے جہانگیر خان کا کہنا ہے کہ پوری قوم کی نیک خواہشات اس ٹیم کے ساتھ ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ ٹیم ہمیں اچھی خبر سنائے گی۔ 1978 کا ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان صلاح الدین کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، پاکستان پہلے بھی یہ ٹی 20 ورلڈ کپ جیت چکا ہے اور اب قوم پھر منتظر ہے کہ ٹیم دوبارہ عالمی چیمپئن بن کر واپس لوٹے گی، پوری قوم ٹیم کی کامیابی کیلئے دعاگو ہے۔ دو بار کے ہاکی ورلڈ کپ گولڈ میڈلسٹ سابق اولمپئن سمیع اللہ کہتے ہیں کہ ہمیں اس ٹیم سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں اور یہ ہماری امیدوں پر پورا اترے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس ٹیم کی بہت اچھی تیاری کرائی ہے اور کھلاڑیوں نے بھی سخت محنت کی ہے، کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ ہر میچ کو دل لگا کر کھیلیں۔ ٹینس گرینڈ سلیم فائنل کھیلنے والے واحد پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق کو بھی امید ہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان ٹیم ٹرافی جیت کر وطن آئے گی اور ہمیں فخر کرنے کا موقع فراہم کریگی۔ جیولن تھرو کے کامن ویلتھ گیمز گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ جس طرح ٹیم نے سخت محنت کی ہے اور اس عالمی ایونٹ کیلئے تیاری کی ہے اس کا پھل ضرور ملے گا، امید ہے کہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی بہترین پرفارمنس دے گی۔ کے ٹو کی چوٹی سر کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر کوہ پیما شہروز کاشف کہتے ہیں کہ ہماری توقعات اس ٹیم کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں اور ہمیں ا±مید ہے کہ پاکستان ٹیم یہ ورلڈ کپ ضرور جیتے گی۔ پاکستان ویمن فٹ بال ٹیم کی سابق کپتان ہاجرہ خان کہتی ہیں کہ پوری فٹ بال کمیونٹی پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کر رہی ہے، کبھی آپ ہارتے ہیں کبھی جیتتے ہیں لیکن آپ ایک بہترین ٹیم کے ذریعے کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ سیف گیمز ٹیبل ٹینس گولڈ میڈلسٹ عارف خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم انفرادی طور پر غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جب یہ اکٹھے ہوتے ہیں تو ایک مضبوط ٹیم سامنے آتی ہے، ہم سب کو اس ٹیم سے بڑی توقعات وابستہ ہیں کہ یہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اچھا کھیل پیش کرے گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، سکواش کے سابق چیمپئن جہانگیر خان سمیت دیگر کھلاڑیوں کی قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات
















