خلیل الرحمن قمر کا ماہرہ خان کو اپنی فلم میں ہیروئن لینے کا اعلان
لاہور (مشرق نیوز) مشہور ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمن قمر نے اداکارہ ماہرہ خان کو اپنی نئی فلم میں ہیروئن لینے کا اعلان کردیا۔ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں خلیل الرحمن قمر نے انکشاف کیا کہ انکی نئی فلم ” مرزا جٹ” میں ہیروئن کا کردار اداکارہ ماہرہ خان ادا کریں گی۔ فلم کے ہیرو ہمایوں سعید ہوں گے جبکہ سینئر اداکار سہیل خان بھی کاسٹ میں شامل ہوں گے۔ماہرہ خان سے متعلق بات کرتے ہوئے خلیل الرحمن قمر کا کہنا تھا کہ کام تو کرنا ہے نا۔ ماہرہ خان سے معافی مانگنے کے مطالبے پر اب بھی قائم ہوں تاہم کام اپنی جگہ پر ہے۔ماہرہ خان کی جانب سے خود پر تنقید کرنے پر خلیل الرحمن قمر نے مختلف انٹرویوزمیں ان کیلئے انتہائی سخت بیانات دئیے تھے اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔ خلیل الرحمن قمر کا کہنا تھا کہ جب تک ماہرہ خان ان سے سر عام معافی نہیں مانگیں گی وہ کبھی ان کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔خلیل الرحمن قمر نے ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دیا تھا۔
















