پاکستانی بولرز کی خراب فارم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

کراچی (مشرق نیوز) ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل بولرز کی خراب فارم نے گرین شرٹس کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ آئرلینڈ کیخلاف اولین سیریز میں کسی کے وہم و گمان میں نہ تھا کہ پاکستان ٹیم جدوجہد کرتی نظر آئیگی، ٹی20 ورلڈکپ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کیلئے اہم سمجھی جانے والی سیریز کا پہلا میچ آئرلینڈ نے جیت کر تہلکہ مچا دیا، یہ مختصر فارمیٹ میں ٹیم کی گرین شرٹس کیخلاف اولین کامیابی ثابت ہوئی۔ دوسرے میچ میں کامیابی سے پاکستان نے سیریز برابر کر دی، اب تیسرا اور فیصلہ کن مقابلہ منگل کو ڈبلن میں ہوگا، مہمان بولنگ لائن دونوں میچز میں توقعات کے مطابق کھیل پیش نہیں کر پائی، پہلے میچ میں بولرز نے 183 رنز بنوا دئیے اور بظاہر بڑا نظر آنے والا ہدف عبور ہو گیا۔