اسلام آباد:(بیورورپورٹ)نیب ترامیم کیس میں عمران خان کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہونے کی اجازت ،سپریم کورٹ نے وفاقی،پنجاب حکومت کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کیخلاف حکومتی اپیلوں پر سماعت ہوئی، پراسیکیوٹر جنرل نیب اور وکیل پنجاب حکومت دونوں نے کہا کیس میں وفاقی حکومت کے دلائل کو ہی اپنائیں گے،ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے کہا نیب ترامیم کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے معاملہ نیب کی پولیٹیکل انجینئرنگ میں ملوث ہونے کا ہے، عمران خان نے عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیشی کی درخواست کی ہے اگر بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہونا چاہیں تو ہو سکتے ہیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے عمران خان اگر دلائل دینا چاہیں تو ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل دے سکتے ہیں، جمعرات تک ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل دینے کا بندوبست کیا جائے، عمران خان کی درخواست منظور کرتے ہیں،نیب پر سالانہ خرچ کتنا آتا ہے؟ نیب کتنی سالانہ ریکوری کرتا ہے؟ کتنے سیاستدان بے قصور ثابت ہوئے اور کتنے جیل میں گئے؟ کس سیاسی جماعت کے کتنے سیاستدان قید ہوئے؟ سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاعدالتی حکم ہے ادب سے سر تسلیم خم کروں گا،تاریخی طور پر مگر ایسا ہوتا نہیں اس طرح تو ہزاروں سزا یافتہ لوگ جیلوں میں ہیں،سماعت کی براہ راست نشریات پر بھی عدالت نے ہی ریگولیٹ کرنا ہے، عدالتی حکم کی تعمیل ہو گی۔
نیب ترامیم کیس، عمران کو بذریعہ ویڈیو لنک پیشی کی اجازت
















