لاہور (کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا کچہ کے علاقے میں اپنی چوکیاں مزید مضبوط کرنے کا عمل جاری ہے۔ دوسری طرف ڈاکووں کی طرف سے بھی شدید مزاحمت کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز بھی ڈاکوﺅں نے چوکیاں مضبوط بنانے کا کام روکنے کیلئے پولیس پر شدید فائرنگ کی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں شر گینگ کے دو خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔ ہلاک کئے جانے والے ڈاکو رحیم یار خان پولیس کے تین جوانوں کی شہادت، قتل، اغوا برائے تاوان سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھے ، پولیس اور ڈاکووں کے مابین دو طرفہ شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب پولیس کی کچہ کے ڈاکووں کے خلاف سندھ پولیس سے بھرپور کوارڈینیشن جاری ہے ، کچہ ماچھکہ میں کچھ عرصہ قبل دو قبیلوں کی لڑائی میں پولیس کاروائی کے دوران شر گینگ نے تین پولیس جوانوں کو شہید کیا تھا، ہلاک ڈاکووں میں خطرناک ڈاکو عالم شر اور نذیر شر شامل ، زخمیوں میں مٹھا شر سمیت سات دیگر شامل ہیں۔ پولیس کارروائیوں کی نگرانی ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل خود کر رہے ہیں۔
پنجاب پولیس کا کچے میں آپریشن ، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک، 7 زخمی
















