لاہور (مشرق نیوز) پنجاب میں گندم کی خریداری کے حوالے سے بحرانی کیفیت پیدا ہونے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی قائدین آج ماڈل ٹاون پارٹی سیکرٹریٹ میں سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی قائد نواز شریف اور پارٹی صدر و وزیر اعظم شہباز شریف بھی شریک ہوں گے، نواز شریف نے آج ہی شہباز شریف کو طلب کر لیا۔
مسلم لیگ (ن) کے مرکزی قائدین کی بیٹھک سہ پہر 2 بجے پارٹی سیکرٹریٹ میں ہو گی، اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی شرکت بھی متوقع ہے جبکہ اہم بیٹھک میں رانا ثناءاللہ، خواجہ آصف سمیت سینئر رہنما شریک ہوں گے۔ ماڈل ٹاون اجلاس میں صوبائی وزراءاور متعلقہ حکام بھی شریک ہوں گے، اجلاس میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور عہدیدار بھی شریک ہوں گے جبکہ مشاورتی اجلاس میں گندم کی خریداری کے معاملے پر پارٹی قائدین کو بریفنگ دی جائیگی۔
واضح رہے گزشتہ روز بھی نواز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز نے گندم کی خریداری کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی تھی۔ ذرائع نے مزید کہا ہے کہ آج کے ہونیوالے اجلاس میں پارٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے بھی مشاورت کی جائیگی اور مشاورتی اجلاس میں 11 مئی کو ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے جنرل کونسل کے اجلاس کی تیاریوں پر بھی گفتگو ہو گی۔
گندم خریداری معاملہ، لیگی قائدین آج سر جوڑ کر بیٹھیں گے، وزیراعظم بھی طلب
















