پاک برطانیہ علاقائی استحکام پر کانفرنس ، دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

راولپنڈی :(بیورورپورٹ)نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں پاک برطانیہ علاقائی استحکام پر کانفرنس کے موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی موجودہ اور نامزد برطانوی چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقاتیں ہوئیں ،پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور اور دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں پاک برطانیہ علاقائی استحکام کانفرنس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر ،برطانوی چیف آف جنرل سٹاف سر پیٹرک سینڈرز نے خطاب کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا نامزد برطانوی چیف آف جنرل سٹاف رولینڈوالکر بھی کانفرنس میں شریک ہوئے، کانفرنس میں ماہرین، دفاعی حکام ، دانشوروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی،پاکستان یو کے سٹیبلائزیشن کانفرنس دونوں ممالک کے درمیان اہم دفاعی ڈائیلاگ ہے، کانفرنس باری باری پاکستان ،برطانیہ میں ہوتی ہے، کانفرنس کےلئے برطانیہ کا 30 رکنی وفد 29 اپریل سے 3 مئی تک پاکستان کے دورے پر آیا ہوا ہے،آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی وفد کی قیادت سٹینڈنگ جوائنٹ فورس کمانڈر میجر جنرل ٹام بیٹ مین کر رہے ہیں، کانفرنس میں عالمی و علاقائی امور سمیت قومی سلامتی، علاقائی امن و استحکام پر بات ہو گی،آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دو طرفہ فوجی تعلقات بڑھانے میںجنرل سینڈرز کی خدمات پر شکریہ ادا کیا،سربراہ پاک فوج جنرل عاصم منیر نے نامزد چیف آف جنرل سٹاف جنرل رولینڈ والکر کو نامزدگی پر مبارکباد بھی دی۔