پنجاب پولیس اور کپس ایجوکیشن سسٹم کا معاہدہ، ملازمین کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلانا اوّلین ترجیح ہے: آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کے بچوں کو بہترین اداروں میں اعلی تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا محکمہ کی ترجیحات میں شامل ہے، آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس نے محکمہ کی سطح پر ملک کے نامور تعلیمی اداروں کے ساتھ متعددایم او یوز سائن کئے، گذشتہ ایک برس میں پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی اخراجات کیلئے 85 کروڑ روپے کے سکالرشپ دئیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس ملازمین کے بچوں کو ایم ڈی کیٹ سمیت دیگر تعلیمی ٹیسٹوں، سکولوں اور کالجوں میں تعلیم کی سہولت کیلئے معروف نجی ادارے(کپس ایجوکیشن سسٹم) کے ساتھ ایم او یو سائن کیا گیا ہے جس کے تحت پولیس ملازمین کے بچے بہترین تعلیمی اداروں میں اپنا تعلیمی سفر بغیر کسی پریشانی مکمل کرسکیں گے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایم اویو کے مطابق نجی تعلیمی ادارے کے سکولز، کالجز، ایوننگ کوچنگ سنٹرز، ایم ڈی کیٹ سمیت ٹیسٹوں کی تیاری میں فیس پر خصوصی رعایت ملے گی، پولیس شہدا کے بچوں کو مفت داخلہ، تعلیمی اخراجات میں 100 فیصد رعایت ملے گی، حاضر سروس، دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کو ایڈمیشن، ماہانہ ٹیوشن فیس میں 50 فیصد رعایت ملے گی، پولیس ملازمین کے انتہائی مستحق بچوں کو کیس ٹو کیس بنیاد پر مکمل فیس معافی کی رعایت بھی حاصل ہوگی۔ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آج سنٹرل پولیس آفس میں ایم او یو سائن کرنے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناءپنجا ب پولیس سپورٹس برانچ کی جانب سے پولیس کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں پروقارتقریب منعقد کی گئی جس میں پولیس کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچ اور میچ آفیشلزنے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس سپورٹس بورڈ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا،پیٹرن کرکٹ ڈسپلن ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی عمران محموداور چیف سپورٹس آفیسر آر پی اوشیخوپورہ اطہر اسماعیل امجد بھی تقریب میں موجود تھے۔ پیٹرن کرکٹ ڈسپلن ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی عمران محمود نے پولیس کرکٹ ٹیم کو بہترین پرفارمنس پر شاباش دی،پیٹرن کرکٹ ڈسپلن ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی عمران محمود نے کہاکہ پنجاب پولیس کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں فیصل آباد میں منعقدہ شیر سلطان ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، پولیس کرکٹ ٹیم نے پنجاب یونیورسٹی، لیسکو، لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس اوور سیز پلیئر سے کرکٹ سیریز جیتیں، پولیس کرکٹ ٹیم متعدد ٹورنامنٹس میں رنر اپ رہی، دیگر اعزازات بھی اپنے نام کئے اور مجموعی طور پر گذشتہ برس بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔