وزیر تعلیم کا پرائیویٹ نگرانوں کو فارغ کرنے کا ڈرامہ فلاپ ،عدالت کا مقدمات خارج کرنے کا حکم
لاہور (حافظ عثمان رندھاوا) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا امتحانی سینٹرز میں چھاپوں کے دوران پرائیویٹ نگرانوں کو فارغ کرنے کا ڈرامہ فلاپ، عدالت نے ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے تمام پرائیویٹ نگرانوں کو نہ صرف رہا کروایا بلکہ تمام مقدمات خارج کرنے کا حکم دیدیا۔ اطلاعات کے مطابق وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے لاہور تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام ہونیوالے میٹرک کے امتحانات کے دوران سینٹرز وزٹ کئے لیکن کسی بچے کو نقل کرتے ہوئے نہیں پکڑا جس کا واضح ثبوت کسی امیدوار پر UMC کا نہ بنانا ہے، پیسے مانگنے کا شور صرف ویڈیو کی حد تک ہی تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ سکولوں میں ایک لاکھ سے زائد اساتذہ کی تعداد میں کمی ہونے کی وجہ سے ( BOG بورڈ آف گورننس ) سے منظور شدہ ایجنڈے کے تحت پرائیویٹ کو بطور نگران عملہ تعینات کیا گیا تھا۔ اگر سرکاری نگران عملہ تعینات کیا جاتا ہے تو سکولوں میں پڑھائی متاثر ہوتی ہے جن کی وجہ سے سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز اپنے ٹیچرز کو ڈیوٹی کرنے کی اجازت نہیں دیتے اگر انٹر کے امتحانات میں اجازت دیدیں تو بچوں کے والدین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا۔ سکولوں میں اساتذہ نہ ہونے کی وجہ سے بچے سرکاری سکولوں کو چھوڑ کر پرائیویٹ سکولوں میں داخلہ لینے پر مجبور ہوجائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر تعلیم نے کنڈکٹ برانچ سے میل سپرنٹنڈنٹ لگانے والے شاہد اقبال ، میل ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ لگوانے والے نوید اسلم، فی میل سپرنٹنڈنٹ ڈپٹی لگانے والے امجد سندھو کو ناجائز طریقے سے معطل کیاہے جن کا کام صرف عملہ کی فیڈنگ کرنا تھا نہ کہ عملے کو تعینات کرنا عملے کی تعیناتی کا تمام تر اختیارات کنٹرولر امتحانات کو تھا جس کو وزیر تعلیم نے پہلے ہی معطل کر دیا تھا لہٰذا ارباب اختیار سے اپیل کی جاتی ہے کہ لاہور سیکنڈری بورڈ میں ناجائز طریقے سے معطل کئے گئے کنڈکٹ پرسنل اور کنٹرولر سٹاف سے ملازمین کو فوری بحال کیا جائے جب تک سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دور نہیں کیا جاتا تب تک پرائیویٹ نگرانوں کو تعینات کیا جائے۔دوسری طرف اس حوالے سے ترجمان وزیر تعلیم نے روزنامہ ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ہم نے لاہور سیکنڈری بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے میٹرک کے امتحان میں کسی بچے پر UMC نہیں بنایا بلکہ دوسرے اضلاع میں بچوں کو نقل کرتے پکڑا گیا تھا جن پر UMC بنا ہوا ہے۔ کنڈکٹ پرسنل سے معطل کئے گئے افسران بھی کنٹرولر امتحانات کے ساتھ رابطے میں تھے جس کی وجہ سے انہیں بھی معطل کرنا پڑا۔
















