ورلڈکپ میں افغانستان سے شکست پر ساری رات سو نہیں سکا تھا: بابراعظم

لاہور (مشرق نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کے دوران افغانستان سے شکست کا بہت افسوس تھا اس روز ساری رات سو نہیں سکا تھا۔ ایک انٹرویو میں بابراعظم نے کہا کہ بھارت اورخصوصاً حیدرآباد میں جو استقبال ملا وہ حیران کن اور یادگار رہا تاہم ورلڈکپ میں افغانستان کے خلاف میچ ہارنے پردکھ ہوا تھا،اس رات سو نہیں سکا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محنت اورلگن کامیابی کی بنیاد ہے تاہم کیرئیرکے ابتدا میں منصور رانا،اعجاز احمد اور علی ضیا نے بہت مدد کی۔ کپتانی سے متعلق کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ کپتانی ذمہ داری ہے، سب کو ساتھ لےکر چلتا ہوں، بیٹنگ اورکپتانی کو الگ رکھتا ہوں، میرے رن آوٹ ہونے پر والد بہت ناراض ہوتے ہیں کیونکہ ان کو رن آوٹ ناپسند ہے۔ بابراعظم نے آئندہ ورلڈکپ سے متعلق عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشااللہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتیں گے، پاکستان کے بعد دوسری پسندیدہ ٹیم نیوزی لینڈ ہے،کین ولیمسن کی کورڈرائیو پسند ہے جبکہ پیٹ کمنز سب سے مشکل بولرہیں۔ مزید برآں اپنی شادی اور تیاریوں سے متعلق سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ بھارت میں شیروانی دیکھنے کی خبردرست نہیں اورنہ ہی ابھی فی الحال شادی کا کوئی پلان ہے۔